اسلام آباد (اے پی پی + نوائے وقت نیوز) چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے دور حاضر کی جنگوں میں اشتراک کار کو کامیابی کی کلید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کی ہائی مارک اور پاکستان آرمی کی عزم نو مشقوں جیسی مشترکہ مشقوں سے پاک فضائیہ اور پاکستان آرمی کی کاوشوں کو ہم آہنگ بنانے میں بڑی مدد ملی ہے۔ وہ پاکستان ایئر فورس اکیڈمی رسالپور میں 129ویںجنرل ڈیوٹی پائلٹ، 73ویں انجینئرنگ، 87ویں ایئر ڈیفنس اور 12ویں اےڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیز کورسز کی گریجوایشن اور 131ویں جنرل ڈیوٹی پائلٹ اور 77ویں انجینئرنگ کورسز کی کمشننگ کے سلسلہ میں شاندار اور پروقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب میں گریجویٹ ہونے والے ایوی ایشن کیڈٹس کو برانچ کا نشان اور پوزیشن ہولڈرز کو ٹرافیز دی گئیں۔ مہمان خصوصی نے نمبر 1 سکواڈرن کو بہترےن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر چیمپئن بینر عطا کےا۔ آرمی چیف نے کہا کہ میں یہ بات پورے وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ ہماری تاریخ میں پاک فضائیہ اور پاک آرمی کا جو اشتراک کار ہم نے حاصل کیا ہے اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا اور ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ اس میں مزید بہتری آئے۔ بری اور فضائی افواج کا اشتراک عمل بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اب جبکہ آپ زندگی کے اگلے مرحلے کی ذمہ داریاں نبھانے جا رہے ہیں، آپ کو آنے والے بڑے چیلنجوں سے آگاہ رہنا چاہئے، یاد رکھیں آپ پاکستان کے محافظ ہیں اس لئے آپ کو فضائی جنگ کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے اپنے پیشے میں مہارت کی ضرورت ہے، آپ کو ٹھوس اور جرا¿ت مندانہ اقدامات کیلئے کہا جائے گا جس کیلئے آپ کو تیار رہنا چاہئے۔ آرمی چیف نے ان پر زور دیا کہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ کردار کی مضبوطی پر توجہ دیں، دیانتداری، ایمانداری، ٹیم ورک، نظم و ضبط اور قیادت کی بنیادی اقدار کا مظاہرہ کرے۔ پاک فضائیہ انفرادی جرا¿ت اور پیشہ ورانہ مہارت کی ایک شاندار تاریخ رکھتی ہے۔ قوم کو آپ سے بہت سے توقعات ہیں اور پاکستان کی فضائی سرحدوں کے بہادر محافظ ہونے کی توقعات پر پورا اتریں۔ پائلٹ افسر محمد بلاول 129 جی ڈی پائلٹ کورس اورپائلٹ افسر بلال حبیب 73ویں انجینئرنگ کورس نے جنرل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی کی ٹرافیاں حاصل کیں۔ فلائنگ ٹریننگ اور انجینئرنگ میں بہترین کارکردگی کی چیف آف ایئر سٹاف ٹرافیاں پائلٹ آفیسر عدنان شمعون اور پائلٹ آفیسر محمد بلال عالم نے حاصل کیں۔ 12ویں اےڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیز کورس میں بہترین کارکردگی کی ٹرافی پائلٹ آفیسرجنید سلیم کو اور 87 ویں ایئر ڈیفنس کورس میں بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ اویس عارف کو دی گئی۔ فلائنگ ٹرینگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی اعزازی شمشیر پائلٹ آفیسر طلال حسن نے وصول کی جبکہ کالج آف ایرو ناٹیکل انجینئرنگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی اعزازی شمشیر پائلٹ آفیسر بلال حبیب نے حاصل کی۔ تقریب میںحسب روایت پی اے ایف اکیڈمی کے "©"K-8 طیاروںکی شیر دل فارمیشن اور پیرا موٹر گلائیڈرز کی فارمیشن دی ایگلیٹز نے مسحور کن مظاہرہ پیش کیا۔ اس سے پہلے مہمانِ خصوصی کا پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کے کمانڈنٹ ایئر وائس مارشل راشد کمال نے خیرمقد م کیا۔ اس تقریب میں سینیٹرز، پارلیمنٹیرینز، پاک فضائیہ کے سابقہ سربراہان، ڈپلومیٹس، اعلیٰ فوجی اور سول حکام، غیر ملکی فوجی اتاشی دوسرے عہدیداران اور زیرِ تربیت گریجویٹنگ کیڈٹس مہمانوں نے شرکت کی۔
فضائیہ‘ فوج میں اشتراک کار پہلی بار حاصل ہوا‘ یہ دور حاضر کی جنگوں میں کامیابی کی کلید ہے: کیانی
Oct 25, 2012