میدان عرفات میں حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے بعد لاکھوں حجاج اکرام تلبيہ، تكبير وتہليل اور اللہ تعالى كى حمد وثنا كرتے ہوئے مزدلفہ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ مزدلفہ میں حجاج اکرام ایک اقامت کے ساتھ مغرب اور عشاء کی نماز پڑھیں گے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام صبح فجر کی نماز تک کھلے میدان میں قیام کریں گے۔ اور شیطان کو مارنے کیلئے كنكرياں چنيں گے۔ نماز فجر کی ادائیگی کیساتھ ہی حجاج کرام منٰی روانہ ہوجائیں گے، یہاں بڑے شیطان کو کنکریاں ماری جائیں گی۔ اسکے بعد قربانی کرکے حجاج کرام احرام کھول دیں گے۔ اس سے قبل منی میں خیمہ زن ہو کر رات بھر عبادات کے بعد فرزندان اسلام میدان عرفات پہنچے۔ دن بھر بسوں، ویگنوں اور گاڑیوں کے علاوہ خصوصی طور پر چلائی گئی ٹرینوں کے ذریعے حجاج میدان عرفات پہنچے جہاں دن بھر قیام کیا اور وقوف عرفہ کی ادائیگی کی۔ اس موقع پرمفتی اعظم شیخ عبدالعزیز الشیخ نے مسجد نمرہ کے منبرسے حج کا خطبہ دیا۔ میدان عرفات میں ہی حاجیوں نے ظہر اور عصر کی نماز اکھٹی پڑھی۔ دنیا بھر سے پچیس لاکھ سے زائد حجاج کرام اس سال حج کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔
دنیا بھر سے آئے لاکھوں حجاج کرام میدان عرفات میں رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے بعد مزدلفہ پہنچنا شروع ہوگئے، منٰی میں صبح بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کرکے سرمنڈھوائیں گے۔
Oct 25, 2012 | 22:42