اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین نیب قمر زمان چودھری نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کیس میں ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ چیئرمین نیب کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا پہلا اجلاس ہوا جس میں راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور پراجیکٹس میں اختیارات کے ناجائز استعمال کی بنا پر نوڈیرو ٹو پاور پلانٹ میں ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی، راجہ پرویز اشرف پر بطور وفاقی وزیر پانی وبجلی قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات ہیں، ابتدائی ریفرنس نو ملزمان کے خلاف دائر کیا گیا تھا جس میں اختیارات کے غلط استعال اور قواعدوضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نوڈیرو پاور پلانٹ کیس میں ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا گیا ان میں سابق سیکرٹری وزارت پانی و بجلی اور سابق چیئرمین پیپکو شاہد رفیع، سابق ایڈیشنل سیکرٹری وزارت پانی وبجلی شیخ ضرار اسلم، سابق ایم ڈی پیپو انجینئر طاہر بشارت چیمہ، سابق ڈائریکٹرز پیپکو بورڈ ملک رضی عباس، وزیرعلی باﺅ، سابق گی ایم واپڈا نج کاری آرگنائزیشن، سی ای او سینٹرل پاور جنریشن کمیپنی طارق نذیر، سابق سی ای او (سی پی گی سی ایل عبدالمالک میمن اور سابق ایم ڈی پیپکو رسول خان محسود شامل ہیں۔ ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں سابق صوبائی وزیر برائے محصولات مخدوم زادہ سید مراد کاظم اور سابق سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو خیبر پی کے احسن اللہ کے خلاف انکوائری شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ نیب سندھ کو ہدایت کی گئی کہ پاکستان سٹیل مل کرپشن کیسز کو حتمی شکل دینے کے لئے کوششوں کو دگنا کیا جائے۔
نیب منظوری