پنجاب حکومت نے ہمیشہ ہی قومی کھیل ہاکی سے محبت کا اظہار کیا ہے ماضی میں بھی اس کی کئی مثالیں موجود ہیں تاہم اچھی بات یہ ہے کہ ایشین گیمز میں سلور میڈل حاصل کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی تقریب کا اہتمام کر کے انہیں نقد انعام سے نوازا گیا۔ اس تقریب کی اہم بات یہ تھی کہ پاکستان بننے سے لیکر آج تک قومی کھیل ہاکی کو اپنا دفتر ہی نصیب نہیں ہو سکا تھا جبکہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب تمام اعزازات پاکستان کے پاس ہوا کرتے تھے اگر اس وقت کی انتظامیہ مستقبل کو دیکھتے ہوئے کوئی ایسا فیصلہ کرتی تو شاید آج ہمیں یہ دن دیکھنا نہ پڑتا۔ بہر کیف قومی کھیل ہونے کی وجہ سے حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کہ وہ اس کی ترقی اور اسے درپیش مسائل کے حل کی کوشش کرئے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کو بھی چاہیے کہ وہ حکومت پر صرف تکیہ کرنے کی بجائے خود بھی ایسے اقدامات کرئے جس سے کھیل اور کھلاڑی کا نقصان نہ ہو۔ پاکستان میں چونکہ جمہوریت پھل پھول رہی ہے، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں لیکن قومی کھیل کو اہمیت ضرور دی جانی چاہیے۔ وفاق کے علاوہ چاروں صوبوں کو اپنا حصہ اس میں ڈالنا چاہیے۔ پنجاب حکومت نے ایشین گیمز کی سلور میڈلسٹ ٹیم کے اعزاز میں تقریب منعقد کر کے اس کا آغاز کر دیا ہے اب وفاق اور دیگر صوبوں کو بھی اس کے نقش قدم پر چلنا چاہیے۔ مسلم لیگ ن کے ماڈل ٹاون لاہور میں واقع سیکرٹریٹ میں پاکستان ٹیم کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر اعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو دو دو لاکھ روپے کے نقد چیک تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں، صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان، اراکین صوبائی اسمبلی میاں نصیر احمد، تہیہ نون، حنا پرویز بٹ، صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن چوہدری اختر رسول، ڈی جی سپورٹس عثمان انور نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے پی ایچ ایف کے صدر اختر رسول کی درخواست پر ہاکی فیڈریشن کو تاحیات نیشنل ہاکی سٹیڈیم بلامعاوضہ استعمال کرنے کی اجازت دیدی اور سپورٹس بورڈ پنجاب کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں فیڈریشن سے کسی قسم کا معاوضہ طلب نہ کریں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کھلاڑیوںکو گلدستے بھی پیش کئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے، اس کے فروغ اور ہاکی کے کھیل میں کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کیلئے ہرممکن تعاون اور وسائل فراہم کریں گے۔ ایک وقت تھا کہ ہاکی کے کھیل میں دنیا بھر میں پاکستان کا ڈنکا بجتا تھا ۔ قوموں کی زندگیوں میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں۔ سخت محنت ، جدوجہد، عزم، نئی سوچ اور حوصلے کے ساتھ مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے اور ہاکی کے کھیل میں سبز ہلالی پرچم کو ایک بار پھر دنیا بھر میں بلند کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کھیل کے میدان میں سیاست ہوتی ہے نہ کوئی اور ترجیح، صرف کھیل ہی پہلی اور اولین فوقیت ہوتا ہے۔ پاکستان عظیم ملک ہے اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اپنی ذات سے بالاتر ہو کر سب کو ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ صرف ’’میں‘‘ کی روش نے ملک کا بے پناہ نقصان کیا ہے۔ پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے ’’ہم‘‘ کا راستہ اپنانا ہوگا۔۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں، صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن، کوچ اور مینجر کو ایشین گیمز کا فائنل کھیلنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ قومی ہاکی ٹیم نے نامساعد حالات کے باوجود محنت کے ذریعے اچھا کھیل پیش کرکے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ مجھے ہاکی کے درخشندہ ستاروں سے مل کر بے حد خوشی ہو رہی ہے جنہوں نے شاندار کھیل پیش کرکے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی کے میدان میں درخشاں تاریخ رکھتا ہے، ہماری قومی ہاکی ٹیم نے کئی ورلڈ کپ اور اولمپکس جیتے، میڈلز حاصل کئے اور دنیا بھر میں پاکستان کو ہاکی کے حوالے سے متعارف کرایا۔ ہاکی کی اپنی شاندار روایات کو زندہ کرنے کیلئے محنت اور لگن سے کام کرنے کی ضرورت ہے اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان محنت، عزم اور حوصلے کے ساتھ ہاکی کے میدان میں اپنا کھویا ہوا مقام ضرور حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے، پنجاب حکومت نے پہلے بھی ہاکی کے فروغ کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز دیئے اور آئندہ بھی دیں گے۔ پنجاب حکومت ہاکی کے فروغ کیلئے جو کچھ ہو سکا کرے گی اور اس مقصد کیلئے وفاقی حکومت سے بھی بات کی جائے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف فائنل میں اچھا کھیل کر بھی آپ ہارے لیکن اصل جیت کھیل کی ہوئی ہے اور یہی ٹیم سپرٹ ہے۔ پاکستان میں ہاکی کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے ،اسے نکھار کر سامنے لانے کی ضرورت ہے۔ کسی بھی کھیل میں ہار جیت نہیں بلکہ سپرٹ اہم ہوتی ہے۔ مجھے امید ہے کہ قومی ہاکی ٹیم سبز ہلالی پرچم دوبارہ بلند کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کھلاڑیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے کمیٹی کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ہرممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سپورٹس بالخصوص ہاکی کے کھیل میں جس طرح تعاون فراہم کیا ہے اور اس کی سرپرستی کی ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔ ان اک کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نے بھی پنجاب میں سپورٹس کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا ہے۔ گزشتہ 3 سالوں میں 4312 کھیل کے میدان تیار کئے گئے ہیں اور 18219 کھیلوں کی منفرد سہولیات فراہم کرکے ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ کھیلوں کے فروغ کیلئے سپورٹس ٹریننگ پروگرام کو بھی کامیابی سے آگے بڑھایا گیا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر چوہدری اختر رسول کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی جانب سے ہاکی کے فروغ کیلئے بھرپور تعاون کے باعث ہی قومی ٹیم ایشین گیمز میں شریک ہوئی ہے۔ کھیلوں کے فروغ کی ذمہ داری تمام صوبائی حکومتوں کی ہے تاہم پنجاب حکومت نے اس ضمن میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ نے دم توڑتے ہوئے ہاکی کے کھیل کو آکسیجن فراہم کی ہے اور جب مورخ تاریخ لکھے گا تو شہبازشریف کا نام سرفہرست ہوگا۔ وزیراعلیٰ اسی طرح ہمیں سپورٹ فراہم کرتے رہے تو ہم وعدہ کرتے ہیں کہ ان کی مدد سے پوری دنیا میں ہاکی کے میدان میں سبز ہلالی پرچم دوباہ لہرائیں گے۔ قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے ہاکی کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی پر پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ؤہ مستقبل میں بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔