بلاول کو ’’بلورانی‘‘ کہنے، زرداری پر کرپشن الزامات لگانے پر پی پی رہنمائوں کی شیخ رشید پر تنقید

Oct 25, 2014

کراچی/ اسلام آباد/ لالہ موسیٰ(آئی این پی) شیخ رشید کی جانب سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ’’بلو رانی‘‘ کہنے اور سابق زرداری پر سنگین کرپشن کے الزامات پر پیپلز پارٹی کے رہنما پھٹ پڑے‘ شیخ رشید پر کڑی تنقید کی اور ’’بکائو مال‘‘  ڈرامے باز اور پارٹیاں بدلنے والا قرار دیدیا۔ قمر زمان کائرہ نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کو ’’بلو رانی‘‘ کہنا شیخ رشید کی گفتگو پر کوئی حیرانی نہیں ہوئی کیونکہ وہ ایسی  باتیں کر کے سٹیج پر ڈرامے  رچاتے رہتے ہیں،  وہ سینئر سیاستدان ہیں لیکن انہوں نے آج تک کچھ نہیں سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے شہید بے نظیر بھٹو کو معاف نہیںکیا تھا،  ان پر  بھی الزامات لگائے تھے بعدازاں اپنے بیان پر وضاحتیں کرتے رہے۔ انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو اپنے شہیدوں کے راستوں پر چل رہے ہیں، وہ چاند ہیں اس پر تھوکنے والے کی تھوک خود اس کے منہ پر آئے گی۔ شیخ رشید پہلے ضیاء الحق اور بعد میں نواز شریف کے قدموں میں  بیٹھ کر ہمارے خلاف بولتے رہے۔ پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہاکہ تحریک انصاف کے جلسے میں شیخ رشید  کی بدزبانی  پر ان کو کوئی حیرانی نہیں، وہ خود سیاسی بکائو مال ہیں اور انہوں نے ہمیشہ پارٹیاں بدلی ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شیخ رشید نے بلاول بھٹو زرداری سے متعلق توہین آمیززبان استعمال کی جس پر جیالوں کا دل دکھا ہے، وہ شدید غصے میں ہیں لہٰذا شیخ رشید سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری معافی مانگیں۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے شیخ رشید کے بارے میں کہا کہ وہ تو سیاسی یتیم ہیں، شیخ رشید کبھی کسی دھرنے میں تو کبھی کسی دھرنے میں بیٹھتے ہیں۔

مزیدخبریں