لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے۔ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات گزشتہ برسوں سے بڑھ کر کئے جائیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ قیام امن کیلئے پہلے بھی وسائل فراہم کئے ہیں، آئندہ بھی کریں گے۔ صوبے بھر میں وضع کردہ جامع سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ امن و امان کی صورتحال اور محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس سے شہباز شریف نے کہا کہ ملک کٹھن دور سے گزر رہا ہے۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی نے ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ امن کے دشمن ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم متحد ہو جائے اور امن عامہ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ موجودہ حالات ہنگامی اور فول پروف انتظامات کے متقاضی ہیں لہٰذا محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے کمربستہ ہو جائیں۔ مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور چار درجاتی حصار قائم کیا جائے۔ حساس مقامات کی خصوصی نگرانی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اشتعال انگیز مواد اور لٹریچر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پولیو کے عالمی دن پر شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔ اس وبائی مرض کے خاتمے کیلئے حکومت کے ساتھ معاشرے کے ہر فرد کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے اورینٹ ایڈورٹائزنگ کے بانی ایس ایچ ہاشمی مرحوم کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف
محرم الحرام کے سیکورٹی پلان پر عمل یقینی بنایا جائے‘ امن کیلئے وسائل فراہم کرینگے : شہباز شریف
Oct 25, 2014