صدرپی ایم ڈی سی کوسابق معزول رجسٹرار نے بحالی کیلئے درخواست دیدی

اسلام آباد(قاضی بلال)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی )کے صدر ڈاکٹر شبیر لہڑی کے نام سابق معزول رجسٹرار ڈاکٹر احمد ندیم اکبر نے درخواست دی ہے، ان پر لگائے گئے الزامات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں اس لئے ان کی مختلف مواقع پر دی گئی درخواست کا جائزہ لیکر انہیں بحال کیا جائے اور ان کی روکی گئی تنخواہیں بھی جاری کی جائیں ۔اس حوالے سے پی ایم ڈی سی کے صدر نے سابق رجسٹرار ڈاکٹر احمد ندیم اکبر کی درخواست پر ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے، اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیاگیا ہے ۔ کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر خالق نوید ہونگے جبکہ ممبران میں پروفیسر ڈاکٹر اعجاز خان خٹک ¾ ڈاکٹر اسد حفیظ ڈائریکٹر جنرل ¾ ڈاکٹر عبدالباری ¾ ڈاکٹر تاج محمد اور ڈاکٹر شفیق الرحمان شامل ہیں ۔ڈاکٹر احمد ندیم اکبر نے چار اکتوبر کو درخواست دی تھی تاہم صدر پی ایم ڈی سی نے چوبیس اکتوبر کو کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ نوائے وقت کے پاس احمد ندیم اکبر کی درخواست اور پی ایم ڈی سی کے صدر کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی کا نوٹیفیکیشن بھی موجود ہے ، کمیٹی ایک ہفتہ کے دوران اپنی رپورٹ تیار کرے گی جو بعد میں ایگزیکٹو کمیٹی میں پیش کی جائے گی۔نوٹیفیکیشن دلپذیر احمد ایڈمن آفیسر کی جانب سے جاری کیا گیا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن