لاہور / اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت، وقائع نگار،آن لائن) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اقبال حمید الرحمن سے اپنا استعفیٰ واپس لینے اور صدر مملکت سے انکا استعفیٰ منظور نہ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن رانا ضیا عبدالرحمان اور سیکرٹری انس غازی نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اقبال حمید الرحمان کے استعفیٰ کی خبر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فاضل جج صاحب لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، لاہور کے سیکرٹری کے عہدہ پر فائز رہے، وہ مرحوم جسٹس حمودالرحمان کے بیٹے ہیں۔ علاوہ ازیں سپریم کو رٹ بار کی سابق صدر عاصمہ جہانگیرنے کہا ہے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اقبال حمید الرحمان مستعفی ہونے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ جج کے مستعفی ہونے سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد بڑھا کہ جوڈیشری میں وضعداری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں غیر قانونی بھرتیوں کے ذمہ دار دیگر جج بھی مستعفی ہوں۔ دریں اثنا جسٹس اقبال حمید الرحمان کے مستعفی ہونے پر سپریم کورٹ نے بنچ نمبر تین کی کاز لسٹ تبدیل کردی ہے۔ جسٹس اقبال حمید الرحمان جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کا حصہ تھے۔دوسری طرف اسلام آباد ہائیکورٹ میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے رجسٹرار عتیق الرحمان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ برطرف کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نئے مقرر ہونے والے رجسٹرار راجا جواد عباس نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
ہائیکورٹ بار/ مطالبہ
لاہور ہائیکورٹ بار کا جسٹس اقبال حمید سے استعفے کی واپسی کا مطالبہ، مبارکباد کے مستحق ہیں: عاصمہ جہانگیر، سپریم کورٹ بنچ 3 کی کاز لسٹ تبدیل
Oct 25, 2016