بھارت پاکستان سے متصل مزید 182 کلومیٹر سرحد پر کیمرے، سینسر، راڈار لگائے گا

نئی دہلی (کے پی آئی) بھارت نے پاکستان سے ملنے والی بین الاقوامی سرحد پر مزید182 کلومیٹر علاقے پر جدیدکیمرے، سینسر، ریڈار، اور لیزر جیسے تکنیکی آلات لگانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم سرحدی نگرانی کے امور پر بھارتی وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں، اس وقت پاکستان سے متصل 2289.66 کلومیٹر بین الاقوامی سرحد کی نگرانی وزارت داخلہ اور 10.5 کلومیٹر کی وزارت دفاع کر رہی ہے۔ بھارتی اخبار کے مطابق دہشت گردوں اور دراندازوں کے خلاف فوری کارروائی کے لئے مختلف ایجنسیوں کے درمیان تال میل میں اضافے اور انہیں فوری طور پر حرکت میں لانے کے مقصد سے مختلف ریاستوں میں ایک کمیٹی قائم کی جا رہی ہے۔ واضح رہے پاکستان سے متصل 2289 کلومیٹر سرحد میں سے 2034 پر تاربندی، پل وغیرہ کی سیلنگ، سڑک، فلڈلائٹس لگانے اور بارڈر آؤٹ پوسٹ بنانے جیسے اقدامات کئے گئے ہیں۔ باقی بچی 254.80 کلومیٹر کی حد کو مندرجہ بالا اقدامات اور سکیورٹی آلات کی تنصیب کرنے کے ساتھ مکمل طور سیل کردیا جائیگا۔ یہ کام دسمبر 2018ء تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ مقبوضہ جموں کشمیر میں 10 کلومیٹر، پنجاب میں11 کلومیٹر اور راجستھان میں 2 کلومیٹر اور گجرات میں 233 کلومیٹر کی سرحد کو سیل کیا جانا باقی ہے۔

ای پیپر دی نیشن