لاہور (نمائندہ سپورٹس) المحسن گروپ کے زیراہتمام ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا۔ افتتاح چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی اہلیہ جگنو محسن نے کیا۔ٹورنامنٹ کے میچ 100سال پُرانی تاریخی مچل کرکٹ گرائونڈ پر کھیلے جائیں گے، فائنل 5نومبر کو کھیلا جائیگا۔ ٹورنامنٹ پی سی بی کی ہدایت پر اس پالیسی کے تحت کھیلا جارہا ہے کہ جہاں سپانسرز تمام اخراجات برداشت کرنے کو تیار ہوں وہاں ٹورنامنٹس کروائے جائیں۔افتتاحی میچوں میں نعمت گروپ نے کوثر گروپ کو اور نیسلے نے برائٹو پینٹس کو شکست دیدی۔ ہارنے والی ٹیمیں ناک آئوٹ سسٹم کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں۔میچ دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں تماشائی موجود تھے۔ جن میں خواتین بھی موجود تھیں۔ تماشائیوں میں لکی ڈرا کے ذریعے انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔