قذافی سٹیڈیم کی تزئین و آرائش جاری‘ اطراف میں آج سے داخلہ بند

Oct 25, 2017

لاہور ( نمائندہ سپورٹس) سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور پی سی بی کا عملہ قذافی سٹیڈیم میں سٹینڈز کی صفائی کیلئے سرگرم رہا، تمام کرسیوں کو پائپ لگا کر دھونے کا سلسلہ جاری رہا، ٹوٹی ہوئی کرسیاں تبدیل کرنے کے ساتھ مرمت بھی کی جاتی رہی، ڈریسنگ روم کی صفائی اور رنگ و روغن بھی ہو رہا ہے، ورلڈ الیون سے سیریز کے بعد موسم بہتر ہونے سے میدان بھی زیادہ سرسبز نظر آرہا ہے جبکہ روڈز پر لائٹس کی تنصیب کاکام شروع کردیا گیا۔ قذافی سٹیڈیم کے اطراف میں نشتر سپورٹس کمپلیکس کا پورا علاقہ 25 اکتوبر سے مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 29 اکتوبر کو میچ مکمل ہونے تک لبرٹی چوک سے فیروز پور روڈ تک عام ٹریفک کی آمد مکمل طور پر بند رہے گی، پیدل آنے والوں کو مکمل جامہ تلاشی کے بعد نشتر سپورٹس کمپلیکس میں آنے کی اجازت ملے گی، سری لنکن ٹیم کی آمد سے 2روز قبل تمام ملحقہ سٹیڈیمز میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل کر دی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر سمیراحمد سید نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی سی اوز اور ایم اوزکی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں۔انتظامیہ کا موقف ہے کہ گزشتہ ماہ ورلڈالیون کی سیریز کی وجہ سے زیادہ کام کی ضرورت نہیں ،جہاں کوئی کمی رہ گئی ہیں اسے بروقت مکمل کر لیا جائیگا۔

مزیدخبریں