سرینگر(اے این این +آن لائن) بھارتی حکومت نے ایک طرف کشمیریوں سے مذاکرات کا اعلان کیا اور اس ضمن میں سابق انٹیلی جنس چیف دنیشور شرما کی قیادت میں کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ دوسری طرف وادی میں بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے جہاں مختلف واقعات میں دو بچوں سمیت16افراد کو زخمی کر دیا گیا اور 10کو حراست میں لیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق حریت رہنما کے گھر پر چھاپے اور توڑ پھوڑکیخلاف ہڑتال اور احتجاج کیا گیا تاہم اس دوران ترال کے علاقے واگڈ میں قابض فوج نے سول آبادی کو تختہ مشق بنا دیا اور توڑ پھوڑ کے علاوہ 7افراد کو گرفتار کر کے بھارتی اہلکار اپنے ساتھ لے گئے ۔ تحصیل آری پل کے تحت آنے والے واگڈ گائوں میں گزشتہ روز کی فوجی زیادتیوں کے خلاف مقامی لوگوں نے صبح دس بجے کے قریب ترال ستورہ روڑ پر دھرنا دیکر واقعے کے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اطلاع ملتے ہی ینگونی فوجی کیمپ سے وابستہ اہلکاروں کی ایک پارٹی وہاں پہنچی اور احتجاج پر بیٹھے تمام لوگوں کو زدوکوب کر کے وہاں سے بھگانے کے بعد بستی میں داخل ہو کر پوری آبادی کوبلا لحاظ عمرو جنس مارپیٹ کی اورمکانوں ،مساجد،اور گاڑیوں کے شیشے چکنا چورکئے۔ اہلکاروں نے خواتین کو بندوق کے بٹوں سے مارا جس میںدو معصوم بچوں سمیت15 افراد زخمی ہوگئے ۔ مشترکہ حریت قیادت نے بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں نظربند کشمیری سیاسی رہنمائوں کی حالت زار پرشدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل حریت قیادت نے مشترکہ بیان میں جموںوکشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں بشمول تہاڑ جیل ،کھٹوعہ ، ادھمپور ، کوٹ بھلوال جیل اور دیگر میں نظربندوں کے ساتھ روا رکھے جانیوالے غیر انسانی سلوک کو انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کیلئے ایک ٹیسٹ کیس قراردیا۔ سید علی گیلانی نے شہدائے بجبہاڑہ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ زندہ قومیں اپنے سرفروشوں کو کسی بھی صورت میں نظرانداز نہیں کرتی ہیں، جو ان کے شاندار مستقبل کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کررہے ہیں۔ اقوام متحدہ کا قیام 1945میں عالمی تعاون کے فروغ اور بین الاقوامی تنازعات کے حل کیلئے عمل میںلایا گیا تھا لیکن عالمی ادارہ0 7برس گزرنے کے باجود تنازعہ کشمیر کو حل نہیں کر اسکا ہے جوکہ ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ اقوام متحدہ کے یوم تاسیس پر جاری رپورٹ میں کہا گیا عالمی ادارے نے کشمیرکے بارے میں متعدد قرار دادیں منظور کررکھی ہیں جن میں کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا تاہم گزشتہ سات دہائیاں گزرنے کے باوجود عالمی ادارہ اپنی قرار دادوںپر عمل درآمد نہیں کراسکا۔ رپورٹ میں کہا گیا 1989سے اب تک بھارتی فوجیوں نے 94 ہزار846بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جن میں سے 7ہزار99کو جعلی مقابلوں یا دوران حراست شہید کیا گیا۔ عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر رشید نے نئی دہلی پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو اپنا دشمن سمجھنے کے بجائے ان کے ساتھ مسئلہ کے مستقل حل کیلئے با معنی مذاکرات کا آغاز کرے تاکہ پورے بر صغیر میں امن و چین لوٹ سکے ۔
کشمیر