کرپشن کی گنگا میں ہاتھ دھونے والے سفا فیت پر لیکچر سے پہلے گریبان میں جھانکیں: شہباز شریف

لاہور/ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لاہور میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کی عیادت کی۔ میاں شہباز شریف کا دو روز پہلے آنکھ کا آپریشن ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں حمزہ شہباز ایم این اے اور سلمان شہباز بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پارٹی کے اندرونی معاملات اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ محاذ آرائی کی سیاست کرنے سے نقصان ہو گا، محاذ آرائی کی سیاست نہ کرنے پر شہباز شریف اور وزیراعظم نے اتفاق کیا۔ سی پیک سمیت دوسرے منصوبے مکمل کرنے پر بھی دونوں نے اتفاق کیا۔ دونوں رہنمائوں نے یہ بھی اتفاق کیا کہ ہمیں مفاہمت کی سیاست کرنی چاہئے، کسی ادارے سے محاذ آرائی نہیں ہونی چاہئے، محاذ آرائی سے نقصان ہو سکتا ہے۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیراعظم کا لاہور جانے کا کوئی پروگرام نہیں تھا اور وہ امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے فوری بعد اچانک لاہور کیلئے روانہ ہوئے۔ سیاسی حلقے وزیراعظم کی لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کو بہت اہمیت دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے منتخب نمائندوں سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ توانائی منصوبوں پر کام کرنے کے حوالے سے محنت، امانت، دیانت اور جہد مسلسل کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے اور موجودہ حکومت کے توانائی پراجیکٹس پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں سنگ میل ثابت ہورہے ہیں۔ گزشتہ سوا چار برس کے دوران توانائی کے کئی منصوبے مکمل ہونے سے ملک میں 15برس سے چھائے اندھیرے دور ہو گئے ہیں جبکہ پنجاب حکومت توانائی کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے1263 میگاواٹ کا نیا گیس پاور پلانٹ لگا رہی ہے۔ توانائی منصوبے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے منصوبے ہیں اور مسلم لیگ (ن) نے توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے جتنے مخلصانہ اور سنجیدہ اقدامات سوا چار برس میں کئے اسکی مثال پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں نہیں ملتی، پنجاب میں سی پیک کے تحت متعدد منصوبوں پر دن رات کام ہو رہا ہے جو تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ سی پیک ایک ایسا معاشی منصوبہ ہے جس سے خطے کے تمام ممالک استفادہ کریںگے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ایجنڈا کو مشن سمجھ کرآگے بڑھارہی ہے لیکن بعض سیاسی عناصر نے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کیں جس میں دھرنا گروپ پیش پیش رہا۔ دھرنا گروپ کی عوام دشمن پالیسیاں پوری قوم کے سامنے آشکار ہوچکی ہیں اور عوام کی ترقی کے ان مخالفین کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ماضی میں قومی وسائل پر ڈاکے ڈالے گئے اور اسکے مقابلے میںہمارے دور میں منصوبے شفاف انداز میں ریکارڈ مدت میں مکمل ہوئے ہیں۔ سابق ڈکٹیٹر کے حواریوں نے پنجاب بینک پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا جبکہ پیپلز پارٹی کے دور میں توانائی منصوبوں کے نام پر قوم سے گھنائونا کھیل کھیلا گیا اور مجرمانہ غفلت اور کرپشن کرکے ملک و قوم کو اندھیروں میں ڈبویا گیا، ماضی میں کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والے شفافیت کا لیکچر دینے سے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے اور ہمارے مخالفین بھی ایک پائی کی کرپشن کا ثبوت سامنے نہیں لا سکے۔ وزیراعلیٰ نے سابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) حامد مرزا، سابق سفیر میاں عبد الوحید کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پولیو کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ دن پولیو کے خاتمے کیلئے زیادہ محنت کیساتھ کام کرنے کیلئے عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ پولیو سے پاک پاکستان ہمارا مشن ہے۔

ای پیپر دی نیشن