بلوچستان کابینہ نے میڈیکل یونیورسٹی کےقیام کی منظوری دے دی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت روپورٹ) صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ نے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے بلوچستان میں میڈیکل سائنسز یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی جس کا بل جلد ہی بلوچستان اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور بولان میڈیکل کالج کو میڈیکل سائنسز یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا۔ میڈیکل سائنسز یونیورسٹی کے قیام سے صوبے میں روزگار کے مواقع میڈیکل سائنسز میں جدید ریسرچ اور شعبہ صحت میں انقلابی تبدیلی آئے گی۔ یہ بات انہوں نے وزیراعلی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیراعلی کے مشیر برائے اطلاعات وپارلیمانی امور سردار رضامحمد بڑیچ، سیکرٹری صحت بلوچستان، ایڈیشنل سیکرٹری صحت، پروفیسر ڈاکٹر غلام رسول بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے کہاکہ 2002کے بعد سے میڈیکل سائنسز یونیورسٹی کے قیام کا معاملہ تاخیر کا شکار تھا، اس اقدام سے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹوٹ، بینوک، بی ایم سی، نرسنگ سکول وکالج جیسے اداروں میں ترقی ہوگی انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کے قیام سے ایچ ای سی کی جانب سے بلوچستان کو فنڈنگ بھی ملے گی۔ کابینہ کے اجلاس میں ایک ہزارنفوس پرمشتمل ایلیٹ فورس کے قیام کیلئے 478ملین روپے کے اجرأ کی منظوری بھی دے دی گئی، انہوں نے بتایا کابینہ سے فنڈز کی منظوری کے بعد ایلیٹ فورس کو جدید گاڑیاں اوراسلحہ کے علاوہ مزید تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔اجلاس میں محکمہ تعلیم کی جانب سے بلوچستان اسسمنٹ اینڈایگزامنینش کمشن کے قیام کیلئے پیش کئے گئے ایجنڈے کی منظوری بھی دی گئی۔

ای پیپر دی نیشن