اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کو خوش آئندہ قرار دیتے انتخابی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ کے حوالے سے کسی بھی شکایت کوقائم کردہ قانونی اور آئینی نظام کے تحت دور کیا جائے۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں سلامتی کونسل کے ارکان نے افغانستان کے حالیہ پارلیمانی انتخابات میں خواتین امیدواروں اور ووٹروں سمیت ووٹرز کی ہمت کو داد دی ۔بیان میں انہوں نے انڈیپنڈنٹ الیکشن کمیشن اور الیکٹورل کمپلینٹس کمیشن کے اہم کردار کی ضرورت پر روز دیتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابی عمل کی شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنانے کے لئے اپنی کوششیں کو دوگنا کردیں، جس میں دھوکہ دہی کا پتہ لگانے اوراس کی روک تھام اور نتائج کی محتاط نگرانی کرنا شامل ہے۔انہوں نے قندھار میں ہونے والے بم دھماکہ کا بھی نوٹس لیا جس کے باعث وہاں انتخابات آئندہ اختتام ہفتہ تک ملتوی ہو گئے۔بیان میں انتخابات میں رکاوٹ ڈالنے، دھمکیاں دینے اور کسی بھی قسم کے تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابل قبول ہے ایسے قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔