نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کا دائرہ 19 شہروں تک پھیلا دیا گیا

اسلام آباد (آن لائن) حکومت پاکستان کے ملک کی غریب عوام کیلئے جاری کردہ ’’نیا پاکستان ہاؤسنگ‘‘ منصوبے میں غریب افراد کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافہ کر دیا گیا ہے، جسے 7شہروںسے بڑھا کر 19شہروں تک کر دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ابتدائی طور پر جن 7شہروں میں رجسٹریشن شروع کی گئی ان میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، فیصل آباد، سکھر، ڈیرہ اسماعیل خان، کوئٹہ، گلگت اور مظفر آباد شامل ہیں، تاہم اب نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کو 19 شہروں تک وسیع کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ ملک میں موجود غریب عوام کی شرح کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ وزارت ہاؤسنگ کے مطابق حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں جنوبی پنجاب کے 2بڑے شہروں ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد اس سکیم میں شامل شہروں کی تعداد 19 ہو جائیگی۔ ابتدائی طور پر اس پروگرام کو 7 بڑے شہروں میں لانچ کیا گیا تھا لیکن بعد ازاں اس سکیم میں مزید 10 شہروں کو شامل کیا گیا جن میں لاہور، ملتان، رحیم یار خان، لیہ، بہاولپور، وہاڑی، قصور، سیالکوٹ، جہلم اور گوجرانوالہ شامل ہیں۔ تاہم اب ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ کو بھی اس پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن