لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سٹار پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق قریشی سوئس انڈورز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے، اعصام اور سٹیفانوس نے پری کوارٹر فائنل میں فیبرس مارٹن اور روبرٹ کو کانٹے دار مقابلے کے بعد شکست دی۔سوئٹزرلینڈ میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے مینز ڈبلز پری کوارٹر فائنل میں اعصام الحق اور ان کے یونانی جوڑی دار سٹیفانوس نے فرانس کے فیبرس اور ان کے سویڈش جوڑی دار روبرٹ کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 7-6، (7-4)، 3-6 اور 10-6 سے ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، اعصام اور سٹیفانوس کو کوارٹر فائنل میں آج پیرالٹا اور زیبالوس کا چیلنج درپیش ہو گا۔ راجر فیڈرر، اینڈرس سیپی، جائلز سیمن، سٹرف اور ڈینل مدودوف فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے سوئس انڈورز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ مینز سنگلز پہلے رائونڈ میچز میں شہرہ آفاق سوئس سٹار اور ریکارڈ 20 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن راجر فیڈرر نے حریف سربین کھلاڑی فلپ کراجینووچ کو 6-2، 4-6 اور 6-4 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، اٹالین کھلاڑی اینڈرس سیپی بھی پہلی آزمائش میں سرخرو رہے، انہوں نے جاپانی کھلاڑی تارو ڈینیل کو شکست فاش سے دوچار کیا، روسی کھلاڑی ڈینل مدودوف نے مارٹرز کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔جرمن کھلاڑی جان لینرڈ نے جان ملمین کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ جائلز سیمن نے ارجنٹائنی کھلاڑی لیونارڈو میئر کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔