ملتان( نامہ نگار خصوصی ) دربار عالیہ حضرت چادر والی سرکار ؒ کے سجادہ نشین پیر سید ولی محمد شاہ ثانی المعروف ثانی سرکار نے کہا ہے کہ علماء کرام، مشائخ عظام اپنے حجروں سے باہر نکل کر دین اسلام کی بقاء کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور صیہونی سازشوں کو ناکام بنائیں ختم نبوت کے قانون میں کسی بھی قسم کی ترمیم برداشت نہیں کریں گے تحفظ ختم نبوت کے لئے ہماری جانیں بھی قربان ہیں اولیاء اللہ کے پیغام کو عام کرنا ہوگا اور گھر گھر پہنچانا ہوگاکیونکہ اولیاء اللہ کی تعلیمات پرعمل کرکے ہی مشکلات اور مسائل پر قابو پا سکتے ہیں ۔سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ حضرت چادر والی سرکارؒ نے تعلیمات نبویؐ پر عمل کرتے ہو ئے زندگی گزاری اور آج آپؒ کے مزار پر دور دراز سے کثیر تعداد میں عقیدت مند فیض پانے کے لئے آتے ہیں کیونکہ آپؒ نے ہمیشہ محبت، اخوت، امن اور بھائی چارے کا درس دیا پیر عبد الرزاق نے کہا کہ اولیاء اللہ کا فیض آج بھی جاری ہے اور تا قیامت جاری رہے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر سید ولی محمد شاہ ثانی المعروف چادر والی سرکار ؒ کے دربار عالیہ پر منعقدہ محفل نعت و سماع کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا جس میں قاری عبد الغفار نقشبندی ، قاری محمد سعید، نبیل یوسف ، مطاہر قادری، ذولفقار قادری نے ہدیہ نعت پیش کیا تقریب کے موقع پر ملک کے معروف قوال ذکی زمان تاجی نے قوالی پیش کرکے سماں باندھ دیا ۔
علماء مشائخ حجروں سے نکل کر دین کی بقاء کیلئے کردار ادا کریں: پیر ولی محمد شاہ
Oct 25, 2018