لاہور (کلچرل رپورٹر)ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا اطہر علی خان نے کہا کہ ’’وائس آف الحمرا ‘‘ میں نئے ٹیلنٹ کا سامنے آنا اس بات کا مظہر ہے کہ نوجوان موسیقی کے جذبے سے سرشار ہیں، اس پلیٹ فارم سے بڑے بڑے فنکار پید ا ہوئے، ’’وائس آف الحمرا ‘‘ کے کامیاب انعقاد کے بعد جلد ’’وائس آف پاکستان ‘‘بھی منعقد کیا جائے گا۔نوجوان گلوکارہ سمیعہ گوہر نے اول، غیاث حیدر اور نذر عباس نے دوسری جبکہ عائشہ افضال نے تیسری پوزیشن حاصل کی،مقابلہ میں اس وقت صورتحال دل چسپ ہو گئی جب دوسر ی اور تیسری پوزیشن کا مقابلہ برابر ہوگیا ، ججز نے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دیکھانے کا ایک ایک موقع دوبارہ دیا ۔ججز ترنم ناز ، وارث بیگ اور مجاہد حسین نے دوسری پوزیشن کیلئے دو گلوکاروں کو نامزد کیا ۔عالمی شہرہ آفاق گلوکارہ ثریا ملتانیکر نوجوان پرفارمر کو قیمتی گر بتاتی رہیں ۔’’وائس آف الحمرا ‘‘ میں پاکستان بھر سے 210گلوکاروں نے شرکت کی ۔