سانحہ ساہیوال: ‏بچوں کے سامنے ان کے والدین پر گولیاں برسانے کی ویڈیو پوری قوم نے دیکھی: ‏وزیراعظم عمران خان

Oct 25, 2019 | 14:19

ویب ڈیسک

اسلام آباد: ‏وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال کے حوالے سے خصوصی عدالت کے فیصلے پر پنجاب حکومت کو اپیل دائر کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ اگر مقتولین کا خاندان مدعی نہیں بنتا تو ریاست اس مقدمے کی مدعیت کرے گی۔ ‏بچوں کے سامنے ان کے والدین پر گولیاں برسانے کی ویڈیو پوری قوم نے دیکھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت معصوم بچوں کو انصاف دینے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ مذکور کیس کی پیروی میں استغاثہ کی کمزوری اور خامیوں کی تحقیقات کی جائیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ ساہیوال کیس میں تمام ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم دیا تھا۔مذکورہ کیس میں صفدر حسین، احسن خان، رمضان، سیف اللہ، حسنین اور ناصر نواز کو نامزد کیا گیا تھا اور تقریبا 10 ماہ تک کیس عدالت میں چلا۔

یاد رہے کہ پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے 19 جنوری کو ساہیوال ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس میں چار افراد جاں بحق اور تین بچے زخمی ہوگئے تھے۔

کار کے ڈارئیور ذیشان کے متعلق سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ اس کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ سانحے پر ملک بھر میں غم و غصے کا اظہار کیا گیا جس کے بعد حکومتی مشینری حرکت میں آئی۔وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے آپریشن کو 100 فیصد درست قرار دیا تھا ۔ لیکن ساتھ ہی محکمہ انسداد دہشت گردی کے سربراہ کو معطل کرنے کا بھی اعلان کیا۔

مزیدخبریں