وزیراعظم کی سانحہ ساہیوال پرپنجاب حکومت کوملزمان کی بریت کیخلاف اپیل دائر کرنے کا حکم

Oct 25, 2019 | 19:58

ویب ڈیسک

وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال میں ملوث 6 پولیس اہلکاروں کی بریت کے عدالتی فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار  کرتے ہوئے اپیل دائر کرنے کا حکم دیا ہے۔گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ساہیوال میں 4 افراد کے قتل میں ملوث پولیس اہلکاروں کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔عدالتی فیصلے کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا اور اسے انصاف کا قتل عام قرار دیا جا رہا تھا۔

ترجمان وزیراعظم افضل ندیم چن نے بھی سانحہ ساہیوال سے متعلق کیس کے عدالتی فیصلے کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ  کیس میں انصاف نہیں ہوا اور جلیل کی باتوں سے لگ رہا ہے اس نے پیسے لے کر یا دباؤ میں صلح کی ہے۔اب وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی بریت کے عدالتی فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ ملزم کے خلاف مقدمہ ثابت کرنے میں ناکام رہا اور گواہوں میں سے کسی نے بھی واقعہ کی موجودگی کی شہادت نہیں دی۔وزارت داخلہ کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ انصاف کی فراہمی میں مشکلات کی ایک بہت ہی قابل افسوس مثال ہے۔وزیراعظم عمران خان نے وزارت داخلہ کو ملزمان کی بریت کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔عمران خان نے وزارت داخلہ کے حکام سے کہا ہے کہ تحقیقات اور استغاثہ کی خامیوں کی انکوائری اور ان کی نشاندہی کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی جائے۔زیراعظم کا کہنا ہے کہ کمیٹی کو ریاست کے مختلف حصوں میں موجود غلطیوں اور خامیوں کی نشاندہی کرنے والوں کو بھی شناخت کرنا چاہیے، متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کرنے کے لیے خصوصی تجاویز پیش کی جائیں۔عمران خان نے تعمیل کی ایک رپورٹ اس وزارت اور وزیراعظم آفس کو 3 روز کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وفاقی وزیربرائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال کے حوالے سے خصوصی عدالت کے فیصلے پرپنجاب حکومت کو اپیل دائر کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کیس کی پیروی میں استغاثہ کی کمزوری اور خامیوں کی تحقیقات کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بچوں کے سامنے ان کے والدین پر گولیاں برسانے کی ویڈیو پوری قوم نے دیکھی، حکومت معصوم بچوں کو انصاف دینے کیلئے پرعزم ہے، اگر ان کا خاندان مدعی نہیں بنتا تو ریاست اس مقدمے کی مدعیت کرے گی۔

  فردوس عاشق اعوان کا اپنے ٹوئٹ میں مزید کہنا تھا ورلڈ بینک رینکنگ اس امرکا ثبوت ہے کہ پاکستان درست معاشی سمت پرگامزن ہے، اس رپورٹ کے بعد ملکی معیشت کے حوالے سے عوام کوگمراہ کرنے والوں کی آنکھیں کھل گئی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکمرانوں کی جیبوں کے بجائے قومی خزانہ بھر رہا ہے، دنیا میں نئے پاکستان کا روشن اورترقی کرتا چہرہ ابھرکرسامنے آرہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت پاکستان نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے ورلڈ بینک کی ای اوڈی بی رینکنگ میں میں 28 درجے بہتری کی تاریخی ترقی حاصل کی ہے۔ پاکستان 135 سے  108 ویں نمبر پر آگیا ہے، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے اقدامات ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔
 
 


 

مزیدخبریں