راولپنڈی (نوائے وقت نیوز) مسلح افواج کی جانب سے اقوام متحدہ کے 75 ویں یوم تاسیس پر نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام لکھا گیا کہ پاکستان کے اب تک 2 لاکھ افسر اور جوان 28 ممالک میں 46 مشنز میں خدمات دے چکے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے مزید لکھا گیا کہ بین الاقوامی امن کے لئے پاکستان کے 158 افسروں اور جوانوں نے جانیں قربان کیں۔ افواجِ پاکستان کی اقوامِ متحدہ کیساتھ امن کیلئے خدمات کی ایک نمایاں اورطویل تاریخ ہے، پاکستان نے 30 ستمبر 1947ء کو اقوامِ متحدہ کے امن مشن میں شمولیت اختیار کی، اقوام متحدہ امن مشن میں شمولیت ایک نامور دور کا آغاز تھا جس کی تاریخ بے مثال ہے۔ پاکستان کا اقوامِ متحدہ کے امن مشن کا آغاز 1960ء میں کانگو میں اپنا پہلا دستہ تعینات کرنے سے ہوا۔ اقوامِ متحدہ کے امن مِشنز میں 157جوانوں بشمول 24 افسران نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اس سال نائیک محمد نعیم رضا شہید کو اَقوامِ مْتحدّہ کا خصوصی میڈل عطاء کیا گیا ہے۔ پاکستان اقوامِ متحدہ کے حوالے سے بہترین خدمات سر انجام دے رہا ہے، متعددعالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ قیادت نے عالمی سطح پرپاک فوج کی کارکردگی کو تسلیم کیا۔ پاکستانی خواتین بھی اقوامِ متحدہ امن مشن کانگو میں امن کے لئے سر گرم عمل ہیں، امریکی نائب معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز بھی پاکستانی خواتین سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔ ایلس ویلز نے امن کے لئے پاکستانی خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین کا کردار نہایت متاثر کن، امن کے لئے خدمات کلیدی ہے۔ اقوامِ متحدہ چھتری تلے تاحال83پاکستانی خواتین امن مشن کا حصہ ہیں پاکستان 19جون2019میں کانگو میں خواتین دستے تعینات کرنے والا پہلا ملک ہے۔