لاہور (نیٹ نیوز) حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے آج 25 اکتوبر کو ہونے والے جلسے میں شرکت کی غرض سے کوئٹہ پہنچنے پر رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کو ائر پورٹ سے باہر نکلنے سے روک دیا گیا۔ انہیں پہلے بھی کوئٹہ روانہ ہونے سے روکا جا چکا ہے۔ بی بی سی کی نامہ نگار سے گفتگو میں محسن داوڑ نے بتایا کہ جب وہ دوپہر دو بجکر چالیس منٹ پر کوئٹہ پہنچے تو شہر کی ضلعی انتظامیہ نے انہیں اطلاع دی کہ ان کے شہر میں داخلے پر پابندی ہے۔ کوئٹہ ائر پورٹ پر روکے جانے پر رکن قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما محسن داوڑ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ بے بس تھی کیونکہ ان کو جو اوپر سے آرڈر آتے ہیں وہ اسی پر عمل کرتے ہیں۔ محسن داوڑ کو ائرپورٹ پر روکے جانے کے بعد پشتون تحفظ موومنٹ کے اراکین محسن داوڑ کی حمایت میں کوئٹہ کے ہوائی اڈے کے باہر جمع ہو گئے۔