چوآسیدن شاہ + کھیوڑہ +دھریالہ جالپ(نامہ نگاران)مسافر وں سے بھری وین کے اوپر ڈمپرگرنے سے 6خواتین جاں بحق ،بچوں سمیت پانچ افرادزخمی،تفصیلات کے مطابق تحصیل پنڈددانخان میں واقع غریبوال سیمنٹ فیکٹری سے شام چار بجے مسافرہائی لکس وین 25 کے قریب مسافروں کو لے کر گائوں سڈہانڈی(ضلع چکوال) جارہی تھی کہ جب پہاڑیوں کے درمیان پہنچی تو سیمنٹ فیکٹری کیلئے خام مال لانے والا لوڈ ڈمپر موڑکاٹتے ہوئے وین کے پچھلے حصے پر الٹ گیا جس سے وین کے اندر بیٹھے مردو خواتین ملبے تلے دب گئے،جبکہ اوپر بیٹھے مسافروں نے چھلانگیں لگا کر جان بچانے کی کوشش کی ،تاہم ملبے اور ڈمپر کے نیچے آنے سے 6 خواتین جاں بحق ہوگئیں جبکہ 2 خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے،جاں بحق ہونے والی خواتین میں افلاطون زوجہ راسب خان عمر 65 سال، سکنہ سڈہانڈی، مقصود بیگم زوجہ سلطان عمر 55 سال سکنہ سڈہانڈی،راحیلہ بیگم دختر سلطان احمد عمر 22 سال سکنہ سڈہانڈی، زارش دختر منیر عمر 15سال سکنہ پشاور،بخبینہ زوجہ کریم خان عمر 24 سال سکنہ پشاوراورایک تقریباً 5 سال کی بچی شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میںحاجی سلطان ولد محمد رشید عمر 62 سال سکنہ سڈہانڈی،شمیم زوجہ ظہور عمر 62 سال سکنہ سڈہانڈی، انور امیر ولد مصری خان عمر 49 سال ،ریاض ولد خالد عمر 35 سال ، فائقہ پروین دختر عبد الرزاق عمر 22 سال شامل ہیں۔دوزخمیوں کو راولپنڈی شفٹ کردیا گیا ہے اور باقی زخمیوں کو سیمنٹ فیکٹری کے ہسپتال سے طبی امداد دے کر فارغ کردیا گیا،جبکہ لاشوں کو ورثاکے حوالے کردیا گیا ۔حادثہ پر علاقہ بھر کی فضا سوگوار ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے جہلم کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔