ملک کی تعمیرو ترقی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی بنیادی حیثیت رکھتی ہے

Oct 25, 2020

کراچی (کامرس رپورٹر) فاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکشن کے ماتحت ادارے نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ (اگنائٹ) اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے مابین پاکستان بھر میں کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے کراچی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیئے گئے جس کے تحت متعلقہ کاروباری معاونت کی خدمات کے ذریعے ابتدائی کام کرنے والے اور چھوٹے و بڑھتے کاروباری افراد کیلئے مالی  اور تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔ یادداشت پر اگنائٹ کی جانب سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سید جنید امام اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے جنرل مینجر جمیل الدین حشام نے دستخط کیئے جبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر سید امین الحق، آغا خان فاؤنڈیشن کے سی ای او اختر اقبال ، جنوب اور وسطی ایشیا کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عمران شمس سمیت دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ پاکستان کے باصلاحیت اور ہنر مند نوجوانوں کو ان کے متعلقہ شعبوں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جاسکیں ، اگنائٹ اور آغا خان پروگرام کے تحت یہ مفاہمتی یادداشت یقینا نجی شعبے کو فروغ دینے کے علاوہ جدید ، تخلیقی اور پائیدار کاروبار ی مواقع کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ہے جس کے نتیجے میں ملک میں روزگار اور آمدنی کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی کا کہنا تھا کہ وزارت آئی ٹی اور اور آغا خان کے مابین اس تعلق کا نتیجہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں پبلک پرائیویٹ   شراکت داری کے ذریعے پائیدار ترقی اورسہولیات کی فراہمی کی صورت میں نکلے گا جس کا آج کا نوجوان اور کاروباری طبقہ حقدار ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہر وہ منصوبہ اور شراکت داری جس سے سرمایہ کاری کو فروغ ، روزگار کے مواقع پیدا ہونے اور عوام کی سہولیات کی فراہمی کی صورت نکلے اس کیلئے وزارت آئی ٹی کی مکمل معاونت اور مدد حاصل ہوگی، سید امین الحق نے بتایا کہ ایک طرف جہاں ہماری وزارت  غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترغیب دینے کے متعدد پروگرامز پر عمل پیرا ہے وہیں پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان ویڑن کی تکمیل کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے ساتھ  ملک بھر میں موبائل فون رابطوں کی فراہمی اور براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کیلئے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن کے تحت ہر ماہ ایک نیا پراجیکٹ شروع کیا جارہا ہے۔ اگنائٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سید جنید امام نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ شراکت داری یقینا ملک میں کاروباری صلاحیتوں میں اضافے کے ضمن میں اسٹریٹجک اثرات مرتب کرے گی، اگنائٹ کے مختلف پروگرامز اور منصوبوں کا مقصد بھی یہی ہے کہ تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کے ساتھ اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اس جانب ترغیب دی جائے، تاکہ ہمارا نوجوان اور کاروباری طبقہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے اپنی آمدنی اور ملک کے ریونیو میں اضافہ کرسکے۔بعد ازاں وفاقی وزیر سید امین الحق کو آغا خان یونیورسٹی کے تحت حالیہ طبی ٹیکنالوجی اور اقدامات پر ڈائریکٹر سلیم سیانی  اور پروفیسر چارلس کی جانب سے بریفنگ دی گئی، وفاقی وزیر نے آغا خان کے میڈیکل ایجوکیشن سمیت دیگر مراکز کا دورہ کیا ، اس سے قبل آغا خان فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اختر قبال نے شراکت داری کے بنیادی نکات اور اس کے اغراض و مقاصد کے حوالے سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا اپنی گفتگو میں انھوں نے مزید کہا کہ جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آغا خان اسپتال میں ہیلتھ ٹیکنالوجی کے تحت انقلابی اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کا بنیادی مقصد عوامی سہولیات میں اضافہ ہے۔دوسری جانب سید امین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں نوجوان طبقہ کا تناسب بہت زیادہ اور خداد صلاحیتوں سے مالامال ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان باصلاحیت نوجوانوں کو درست سمت میں راہ نمائی دی جائے تو پھر انھیں کامیابیوں کی منازل طے کرنے سے کوئی نیں روک سکتا، انھوں نے یہ بات سر سید یونیورسٹی اور وزارت آئی ٹی کے ادارے اگنائٹ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔معاہدے کے تحت سر سید یونیورسٹی نیشنل آئیڈیا بینک کے ذریعے مختلف آئیڈیاز کے حصول کیلئے پلیٹ فارم فراہم کرے گی، یونیرسٹی آئیڈیا بینک کیلئے پائیدار بزنس ماڈل بھی بنائے گی۔ معاہدے پر وزارت آئی ٹی کے تحت اگنائٹ کے سید جنید امام اور سر سید یونیورسٹی کی جانب سے رجسٹرار سید سرفراز علی نے دستخط کیئے۔

مزیدخبریں