قومی ٹیم کی ون ڈے رینکنگ میں بہتری ہدف، زمبابوے کیخلاف جارحانہ حکمت عملی اپنائیں گے

لاہور(نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور نائب کپتان شاداب خان نے زمبابوے کے خلاف جارحانہ اور مثبت حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان شیڈول تین ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور تین نومبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ تینوں میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ سپر لیگ کا حصہ ہیں، جو کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کہتے ہیں کہ کھیل میں جدت اور بڑھتی ہوئی رفتار کے پیشِ نظر مثالی فٹنس کی ضرورت ہے۔ بطور کپتان اور نائب کپتان ہمیں اپنی فٹنس سے دوسروں کے لیے مثال قائم کرنی ہے۔کپتان بابراعظم نے کہا کہ پاکستان کو آئندہ چند ماہ میں ہونیوالے میچز  میں جارحانہ حکمت عملی سے پاکستان کو ایک بار پھر عالمی رینکنگ کی ٹاپ ٹیموں میں شامل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ ہمیں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ، تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ زمبابوے کے خلاف سیریز میں ہمیں ہوم ایڈوانٹیج حاصل ہوگا مگر ہم اسٹیڈیم میں مداحوں کی کمی ضرور محسوس کریں گے۔اپنی کارکردگی سے گھروں میں بیٹھے شائقین کو خوشی کا موقع فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔شاداب خان کہتے ہیں کہ اسکواڈ میں شامل کئی کرکٹرز ان سے فٹنس پر بات کرنے آتے ہیں۔ زمبابوے کو ترنوالہ نہیں سمجھیں گے، آئی سی سی مینز ورلڈ سپر لیگ کا ایک ایک پوائنٹ بہت قیمتی ہے۔ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ زمبابوے کے خلاف میچز میں کامیابی سے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ زمبابوے کے خلاف پہلا ایک روزی میچ تیس اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن