اسلام آباد، جنیوا، واشنگٹن (خصوصی نمائندہ+ شنہوا+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں کرونا کے فعال کیسز 10 ہزار سے تجاوز کرگئے۔ فعال کیسز 10535 ہو گئے۔ مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 27 ہزار 367 ہے جس میں سے 3 لاکھ 10 ہزار 101 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 731 کا انتقال ہوا ہے۔ 24 اکتوبر کرونا وائرس کے مزید 846 کیسز اور 13 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 455 مریض صحتیاب ہوئے۔ ان کیسز میں بلوچستان کے 24 اور خیبر پی کے کے 37 کیسز اور ایک موت گزشتہ روز کے اعداد و شمار ہیں۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے سندھ میں وبا کے 304 نئے کیسز کی تصدیق کی ، وائرس کے مزید 4 مریض جاں بحق بھی ہوئے، اموات کی تعداد 2598 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں کرونا کے مزید 214 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ 5 افراد لقمہ اجل بنے۔ مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 334 ہوگئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 186 افراد متاثر، جبکہ 2 کی موت واقع ہوئی۔مجموعی اموات207 ہوگئیں۔ گلگت بلتستان میں 21 نئے کیسز کی تصدیق ۔ آزاد کشمیر میں 60 نئے مریضوں اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔ اموات کی مجموعی تعداد 86 تک پہنچ گئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صحتیاب ہونے کے بعد مجموعی تعداد 3 لاکھ 10ہزار 101 تک پہنچ گئی۔مہلک وبا کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں 1149229ہو گئیں جبکہ مصدقہ کیسز کی تعداد 4کروڑ 24لاکھ 89ہزار 905تک پہنچ گئی۔ اموات 2لاکھ 29ہزار 284ہو گئیں جبکہ متاثرین کی تعداد 87لاکھ 46ہزار 953 سے تجاوز کر گئی۔ ہلاکتیں 1لاکھ 17ہزار سے متجاوز ہو گئیں جبکہ متاثرین 78لاکھ 14ہزار سے زائد ہو گئے ۔ پولینڈ کے صدراندرج ڈوڈا کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ پولینڈ کے صدراتی دفتر کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر اندرج ڈوڈا کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے تاہم ان کی حالت بہتر ہے۔ امریکہ میں ایک دن میں کرونا کے 84 ہزار کیس رپورٹ ہوئے ہیں جرمنی میں کرونا سے اموات کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کر گئی۔ برطانیہ میں کرونا سے مزید 224 اموات ہو گئیں جبکہ ساڑھے 20 ہزار سے زائد نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں کرونا وباء کے سبب لندن میں سیاحوں کی آمد میں غیر معمولی کمی ہوئی ہے۔ شہر کو صرف شاپنگ کی مد میں دس ارب پاؤنڈ کا نقصان ہوا ہے۔ بھارت میں کرونا سے 93 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 650 اموات ہو گئیں۔ کراچی ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) سندھ پولیس غلام نبی میمن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد غلام نبی میمن نے گھر پر علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ غلام نبی میمن کی غیرحاضری تک ڈی آئی جی عارف حنیف کو ایڈیشنل آئی جی کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ محققین نے کہا ہے کہ فروری کے آخر تک امریکہ میں وبا سے 5 لاکھ سے زیادہ انسانی جانیں ضائع ہوسکتی ہیں۔ جریدے نیچر میڈیسن میں شائع تحقیق کے مطابق واشنگٹن یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ برائے ہیلتھ میٹرکس اینڈ ایویلیویشن(آئی ایچ ایم ای)کے محققین کا یہ بھی کہنا ہے کہ معاشرے کے تمام افراد کی جانب سے ماسک کے استعمال سے آنے والے مہینوں میں ملک میں 1لاکھ 30ہزار انسانی زندگیاں بچائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ دسمبر کے آخر اور جنوری میں یومیہ اموات کی بلند سطح کی طرف جاتے ہوئے اس میں اضافہ ہوتا رہے گا۔ ڈبلیو ایچ اوکے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم گبریسیئس نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آئندہ کے چند ماہ بہت ہی سخت ہونے جا رہے ہیں اور کچھ ممالک خطرناک راستے پر گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس عالمگیر وبا میں ایک نازک موڑ پر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت سارے ممالک میں وبا کے کیسوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے عالمی رہنمائوں سے فوری کارروائی کرنے کی اپیل کی تاکہ مزید غیر ضروری اموات، صحت کی ضروری خدمات کو منہدم اور سکولوں کو دوبارہ بند ہونے سے بچایا جا سکے۔