راولپنڈی (جنرل رپورٹر) ترجمان مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی غلام علی خان نے کہا کہ حضورؐ کا میلاد منانا سنت اولیاء ہے۔ جشن عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اپنے تمام تر اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی والا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی کی جانب سے جلوس کے دوران ہونے والی خرافات کے خاتمے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے تمام میلاد پارٹیوں اور سٹیج لگانے والوں سے اپیل کی کہ آقاؐ کی ولادت با سعادت کے موقع پر ادب کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ کیونکہ ادب پہلا قرینہ ہے محبت کے قرینوں میں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انجمن رسول عربی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میلاد کمیٹی کی تنظیم نو کی گئی جس کے مطابق غلام علی خان اور حاجی اعجاز خان سرپرست۔ شیخ جاوید عالم بدستور صدر ملک ساجد رحمن نائب صدر‘ اسامہ ناز جنرل سیکرٹری‘ سہیل اقبال نائب صدر‘ راجہ آصف سیکرٹری اطلاعات‘ ماجد عزیز خان ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات‘ سلمان کھوکھر سیکرٹری کوآرڈینیشن اور وقاص عالم ڈپٹی جنرل سیکرٹری نامزد ہوئے۔آخر میں غلام علی خان شیخ جاوید عالم نے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد دی۔