عوام کودنیا کی بہترین ٹرانسپورٹ سہولت دینے والاجیل میں ناحق قید ہے : مریم اورنگزیب

لاہور : مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام کو دنیا کی بہترین ٹرانسپورٹ سہولت دینے والا جیل میں ناحق قید ہے، عمران خان کس منہ سے شہباز شریف کی اورنج ٹرین کا افتتاح کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق  پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا اورنج لائن منصوبے کے افتتاح پر شہبازشریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ دس سال بعد بھی اورنج ٹرین کا افتتاح کرتے تو آپ کو ہر اطراف سے شکریہ شہباز شریف ہی سُنائی دیتا۔ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ‎شہبازشریف کو جیل میں بند کرکے ان کے بنائے شاہکار عوامی منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کچھ شرم تو آرہی ہوگی۔ آج کس منہ سے شہباز شریف کے اورنج ٹرین منصوبہ پرتختی لگا رہے ہیں ۔ انہوں نے ہر عوامی منصوبہ کو اپنے گھٹیا سیاست کی بھینٹ چڑھایا اور آج اُنھی نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبوں پہ تختیاں لگا رہے ہیں ۔
‎ان کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام کے نشے میں نیب نیازی گٹھ جوڑ نے شہباز شریف کے ہر منصوبہ کو متنازعہ بنایا۔ نقصان پہنچایا  اور جب ایک دھیلے کی کرپشن نہ ملی تو بے شرم چہرے آج ا ن ہی  منصوبوں پہ اپنی تختیاں لگا رہے ہیں۔  عمران صاحب نوازشریف، شہبازشریف اور مسلم لیگ (ن) کے کام بولتے ہیں، آپ صرف جھوٹ بولتے ہیں ۔
ن لیگ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ‎عوام جانتی ہے عمران خان نے 126 ارب کے بی آر ٹی کھڈے کھودے ۔شہباز شریف نے اس سے کم لاگت اور وقت میں چار میٹروز بنائیں اور چلائیں۔ ‎وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب یہ وہی اورنج لائن منصوبہ ہے جس کے خلاف پی ٹی آئی عدالت گئی تھی۔ آپ کی وجہ سے منصوبے کی لاگت اور تکمیل کی مدت میں اضافہ ہوا.
واضح رہے کہ چار سالوں سے جاری مہنگے ترین منصوبے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کام بالآخر مکمل ہو گیا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آج اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح کریں گے ۔ 

ای پیپر دی نیشن