اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی اور عوام خودکشی کرنے پر مجبور ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آج ملک بھر میں مہنگائی بیروزگاری کیخلاف پی ڈی ایم احتجاجی مظاہرے کررہی ہے۔ عوام بھرپور اس احتجاج میں شرکت کریں۔ ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت نے قانونی طور پر قوم اور ملک کے ہاتھ پائوں باندھ کر آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کے حوالے کر دیا ہے۔ موجودہ حکومت کو ملک اور قوم کی خودمختاری اور آزادی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک میں صاف شفاف غیرجانبدارانہ الیکشن فوراً اور جلدازجلد چاہتی ہے۔