لاہور، اسلام آباد، سرینگر (سپورٹس رپورٹر، نمائندہ نوائے وقت‘نوائے وقت رپورٹ) آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے اپنے افتتاحی میچ میں ریکارڈ فتح حاصل کرتے ہوئے بھارت کو 10وکٹوں سے روند ڈالا۔ پاکستان کی جیت پر شہریوں نے جشن منایا۔ بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں تقیسم کی گئیں۔ پاکستانی اوپنرز نے 152رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔ محمد رضوان 79 اور بابر اعظم 68رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ بھارتی بائولنگ فلاپ رہی اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ اوپنرز کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت گرین شرٹس نے ہدف 17.5اوورز میں 152رنز بناکر میچ جیت لیا۔ دونوں اوپنرز نے بھارت کے خلاف 152رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ کا بھی ریکارڈ قائم کردیا۔ پاکستان کی ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت کیخلاف یہ پہلی فتح ہے ۔ قبل ازیں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی بائولرز نے شاندار آغاز کیا اور پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ نے بھارتی اوپنر روہت شرما کو صفر پر پویلین بھیجا۔ کے ایل راہول بھی3 رنز بناکر شاہین آفریدی کا شکار بنے۔ بھارت کی تیسری وکٹ 31 رنز پر گری جب حسن علی نے سوریا کمار کو آؤٹ کیا۔ کپتان ویرات کوہلی اور وکٹ کیپر رشبھ پنت کے درمیان 53 رنز کی شراکت ہوئی۔ تاہم بھارتی ٹیم کا سکور 84 رنز پر پہنچا تو رشبھ پنت 39 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے۔ رویندرا جدیجہ 13 اور ہاردک پانڈیا 11 رنز بنا سکے۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ ویرات کوہلی 57 اور رشبھ پنت 39 رنز بناکر نمایاں رہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3، حسن علی نے 2 جبکہ شاداب خان اور حارث رؤف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان پلیئنگ الیون میں بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، شعیب ملک، محمد حفیظ، عماد وسیم، حسن علی، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، آصف علی اور حارث رؤف شامل ہیں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم جیت کے قریب آئی تو بھارتی شائقین بھارتی کرکٹ ٹیم کی متوقع شکست کے پیش نظر لٹکتے چہروں، آنسوئوں کے ساتھ سٹیڈیم سے جانا شروع ہوگئے۔ اس موقع پر پاکستانی کرکٹ شائقین جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے رہے اور پاکستان کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ پاکستان کی فتح کے ساتھ ہی سٹیڈیم میں بھنگڑے ڈالے گئے۔ جبکہ ملک بھر میں پاکستان کی جیت پر جشن منایا گیا۔ شہری سڑکوں پر نکل آئے اور نعرے بازی کرتے رہے۔ جبکہ سٹیڈیم میں موجود بھارتی شائقین روتے رہے۔ پاکستان کی جیت کے ساتھ ہی بھارت کے غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں بھی جشن کا سماں تھا۔ لوگ گھروں سے باہر آ کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ کشمیریوں نے آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا۔ آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی پاکستان کی جیت کے بعد شاندار جشن منایا گیا اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی پاکستان کی جیت کے بعد شاندار جشن منایا گیا اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ کشمیری عوام نے کہا کہ شاہینوں نے بھارت کے خلاف میچ جیت کر خوش کر دیا۔ بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں بھی کشمیریوں نے پاکستان کی جیت کا جشن منایا اور آتش بازی کی۔ انہوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے ہمیں آؤٹ کلاس کر دیا۔ میچ کی اختتامی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا کہ پاکستان نے شروع میں ہی اچھی بولنگ کی جس کی وجہ سے اچھا نہیں کھیل پائے، ابتدائی تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد سنبھل نہیں سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بولرز کی اچھی بولنگ کے سامنے بیٹنگ آسان نہیں تھی۔ پچ شروع میں بہت سلو تھی اور پاکستان نے کوالٹی بولنگ کی۔ کوہلی نے کہا کہ پاکستانی بولرز نے اپنی کلاس کو ثابت کیا۔ اوس کی وجہ سے بھی بولنگ میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی کپتان نے کہا کہ ابتدائی میچ میں شکست کے بعد ہمارے لیے ٹورنامنٹ ختم نہیں ہوا۔ اگلے میچز میں خامیوں کو دور کر کے اچھا کھیلیں گے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ بھارت سے مقابلے کے لیے جو پلان کیا تھا اس پر عمل کیا۔ سب نے 100 فیصد رزلٹ دیا۔ ایونٹ کا ابھی آغاز ہے ریلیکس نہیں ہوں گے۔ بابر اعظم نے کہا کہ گیند بلے پر بہت اچھا آرہا تھا کوشش تھی جتنا لمبا کھیلیں اتنا اچھا ہے۔ ہم ریلیکس نہیں ہوں گے ابھی بہت لمبا راستہ طے کرنا ہے۔ شاہین آفریدی کی بولنگ کو سراہتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ شاہین کی بولنگ سے اعتماد ملا جس کے بعد سپنرز نے دباؤ بنائے رکھا اور جو کچھ طے کیا تھا اس پر عمل کیا۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارت میں صف ماتم بچھ گئی۔ کثیر الاشاعت ہندی اخبار دینک بھاسکر نے ’’ اب ورلڈ کپ بھی کس کام کا ویراٹ، تین کھلاڑیوں نے ہی انڈین ٹیم کی درگت بنا دی‘‘ کی شہ سرخی لگائی ۔ ایک ہندی اخبار نے لکھا ’’ ہارنا ہی تھا تو 10 وکٹوں سے تو نہ ہارتے‘‘۔ بھارت کے طول و عرض میں بھارتی ٹیم پر تنقید شروع ہو گئی ہے اور پاکستان سے بدترین شکست پر ویراٹ کوہلی و دیگر بھارتی کھلاڑیوں پر لعن طعن کی جا رہی ہے۔ پاکستان دوسرا میچ کل نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔
پاکستان کی ریکارڈ فتح بھارت کو رونڈ ڈالا، ملک بھر میں جشن
Oct 25, 2021