پر سوں تک کیسز واپس ، فرنچ سفیر کا معاملہ اسمبلی جائے گا، شیخ رشید: 350مظاہرین رہا

Oct 25, 2021

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بدھ تک کالعدم تنظیم کے کیسز واپس لے لیں گے، شیڈول فور کو بھی دیکھیں گے، فرانس کے سفیر والا معاملہ قومی اسمبلی میں لے کر جائیں گے، مریدکے میں بیٹھے لوگ دو روز تک واپس چلے جائیں گے، اسلام آباد کے آئی جی کو کہتا ہوں کنٹینرز ہٹا دو، البتہ جی ٹی روڈ پر کنٹینرز موجود رہیں گے، کالعدم جماعت کا پنجاب میں تیسرا بڑا ووٹ بینک ہے، تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کیلئے تیار ہوں، مذہبی لوگوں سے ٹکرائو نہیں ہونا چاہیے، احتجاج ان کا حق ہے، حکومت کا کام ہے کہ لچک رکھے، حکومت کو جوڈو کراٹے نہیں کرنا چاہیے، پاکستان مسلمان دنیا کی واحد نیوکلیئر سٹیٹ ہے، افغانستان کے بعد پاکستان پابندیوں سے محفوظ رہا۔ البتہ ملک کے معاشی حالات بہت سخت ہیں۔ ڈی جی آئی ایس آئی کے فیصلے کا وزیراعظم عمران خان یا ان کے ترجمان کو پتہ ہوگا۔ لوگ ابھی سے الیکشن مہم پر نکل پڑے ہیں۔ اگلا بجٹ الیکشن بجٹ ہو گا۔ اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ ٹی ایل پی سے 8 گھنٹے بات چیت ہوئی ہے، منگل اور بدھ تک ٹی ایل پی کے کیسز واپس لیکر فورتھ شیڈول دیکھیں گے۔ شیخ رشید نے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ امن و امان کے مسئلے کو بہتر کیا جانا چاہیے۔  وزیر داخلہ نے کہاکہ کالعدم تنظیم کا اعتراض درست ہے کہ 6 ماہ تک ان کو سنا نہیں گیا۔ شیخ رشید نے بتایاکہ سعد رضوی سے بھی بات چیت تفصیلی ہوئی ہے۔ ٹی ایل پی سے فرانس کے سفیر کے حوالے سے بات کی گئی۔ میں نے کہا پاکستان واحد مسلم ایٹمی پاور ملک ہے، فرانس کا سفیر ابھی موجود نہیں ہے، معاملہ اسمبلی میں لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف پر بھی ہماری کارکردگی بہتر رہی۔ پیر کی صبح وزارت داخلہ ٹی ایل پی کے لوگ آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مذاکرات میں تاخیر ہوئی یہ مشکل سوال ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت کا میچ آج تک مس نہیں کیا، اس بار پاک بھارت میچ ٹی وی پر دیکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلی بار میچ نہیں دیکھ رہا۔ جاوید میاں داد نے چھکا مارا تھا تب بھی میں وزیر تھا، کیا میں میچ کیلئے پاکستان کا اتنا بڑا مسئلہ چھوڑ دیتا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ پاکستان کے اس وقت ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید صاحب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی اسلام آباد کی انتظامیہ کو کہتا ہوں کہ سڑکوں سے کنٹینرز ہٹا دے، رکاوٹیں صرف جی ٹی روڈ پر رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میں سیاسی ورکر ہوں۔ تمام جماعتوں سے مذاکرات کے لیے تیار ہوں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جمعہ جمعہ کھیل رہی ہے اب الیکشن کمپین شروع ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم سے زیادہ کسی نے ختم نبوت کے معاملے پر جیلیں کاٹی ہیں، وزیر داخلہ شیخ رشید ہے سوال ہی نہیں پیدا ہوتا ختم نبوت پر آنچ آئے۔ انہوں نے کہاکہ تصادم کے حق میں نہیں ہیں، صوبائی وزیر داخلہ نہیں ہوں، میں اس کمیٹی کی صدارت نہیں کرنا چاہتا تھا مگر سعد رضوی صاحب سمیت دیگر کی خواہش پر کمیٹی کی صدارت کی۔ انہوں نے کہاکہ ٹی ایل پی کو بین نہیں کیا وہ الیکشن لڑ رہے ہیں، نا ہم سپریم کورٹ گئے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کا کام ڈنڈا چلانا نہیں ہے، امن چاہتے ہیں تصادم نہیں۔ انہوں نے کہاکہ مائیں فون کرتی ہیں کہ بچوں نے سکول جانا ہے، پنڈی اسلام آباد کی جوائنٹ کمیٹی بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دو لوگ ہمارے شہید ہوئے ہیں، ہم جھگڑا آگے نہیں بڑھانا چاہتے ہیں، سیاست دان کا کام ہے درمیانی راستہ نکالنا، کوشش کریں گے مریدکے میں بیٹھے لوگ گھروں کو واپس جائیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ آیا ہوں عمران خان کے ساتھ ہی واپس جائوں گا۔ اللہ سے امید ہے عمران خان پانچ سال پورے کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کیا فائدے لے گی، نومبر دسمبر میں یہ تھوڑی ورزش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ریاست جھکی نہیں، ریاست کا کام ڈنڈا چلانا نہیں، ہمارے پاس دو آپشن ہیں جھگڑا بڑھائیں یا معاملہ سلجھائیں۔تاہم وزیرداخلہ شیخ رشید کے احکامات کے بعد اب راولپنڈی مری روڈ سمیت تمام شاہراہوں سے کنٹینرز ہٹا دیئے گئے ہیں۔ شیخ رشید نے اپنے ٹویٹ میں کہا 350 ٹی ایل پی کے گرفتار کارکن رہا کر دیئے ہیں۔
اسلام آباد+ لاہور  (خبر نگار خصوصی+ خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار+ خبر نگار)  کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی مجلس شوریٰ نے حکومت کو منگل کی شام تک کا وقت دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جب تک ساری قیادت علامہ حافظ سعد حسین رضوی سمیت خود آ کر کنٹینر سے کچھ اعلان نہیں کریں گے کوئی گھر نہیں جائے گا۔ مجلس شوریٰ کے رکن مفتی وزیر رضوی کہا کہ اگر منگل کی شام تک معاہدہ پر عمل درآمد نہ ہوا تو یہیں سے اسلام آباد کا رخ ہو گا۔ مفتی قاسم فخری نے کہاکہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ 2 دن بعد طاقت کم ہو گی، اب طاقت اور بڑھے گی،  منگل کی شام تک معاہدہ پورا نہ ہوا تو بدھ کا دن ہمارا ہو گا۔ ٹی ایل پی کے ترجمان کے مطابق شوریٰ اور مارچ کے شرکاء مریدکے میں رک کر حکومت کی طرف سے وعدوں کی تکمیل کا انتظار کریں گے۔ فیروز والا پولیس نے رانا ٹاؤن کے قریب گزشتہ روز کالعدم جماعت کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم کے دوران ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا مقدمہ تقریباً تین ہزار کے قریب افراد کے خلاف درج کر لیا۔ تصادم میں تباہ ہونے والی پولیس گاڑیوں کو کوارٹر پہنچا دیا۔ جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ اور ثالثی کمیٹی کے اہم رکن صاحبزادہ پیر خالد سلطان القادری نے کہا ہے کہ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے مذکرات کامیابی سے جاری ہیں۔ بدھ تک صاحبزادہ سعد رضوی کی رہائی اور دیگر مطالبات کا میکنزم تیار کرکے حل نکال لیا جائے گا۔ تمام امور تفصیل کے ساتھ زیر بحث آئے ہیں۔ مذاکرات کے متعدد راونڈ ہونگے۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور  نور الحق قادری نے کہا ہے کہ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے درمیان مذاکرات کامیابی کی طرف گامزن ہیں۔ مظاہرین منگل تک اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ آج تمام بند راستوں کو کھول دیا جائے گا۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان کسی قسم کا کوئی ٹکراؤ نہیں ہوگا۔ حکومت نے مظاہرین کے تمام مطالبات کو سنا ہے۔ مظاہرین جدھر ہیں وہاں پرامن احتجاج جاری رکھیں گے۔

مزیدخبریں