میٹریل کی قیمتیں بڑھنے پرحکومت کا تعمیراتی شعبے کومزید سبسڈی دینے کا فیصلہ  

لاہور( این این آئی)مہنگائی کی وجہ سے بلڈرز نے پرانے ریٹس پر گھروں کی تعمیربارے تحفظات کا اظہار کردیا جس کے باعث حکومت نے تعمیراتی شعبے کو مزید سبسڈی دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ترجمان نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی عاصم شوکت علی کے مطابق حکومت نے تعمیراتی شعبے کو مزید سبسڈی دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 27 لاکھ روپے میں حکومت اور بلڈرز کیلئے گھر بنانا مشکل ہے، اس لئے کنسٹرکشن میٹریل کی قیمتوں میں کمی کیلئے ٹیکس چھوٹ دیں گے اور سٹیل کی صنعت کومزید سبسڈی دی جائے گی۔عاصم شوکت علی نے بتایا کہ پورے ملک میں لینڈ ڈیجیٹلائزیشن پر کام جاری ہے جس سے عدالتوں پر اراضی قبضے کے کیسز کا بوجھ ختم ہوگا۔ انہوںنے مزید بتایا کہ ساڑھے 5 ہزار ارب روپے کی معاشی سرگرمیاں ہونے سے 9 لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔ترجمان نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی نے مزید کہا کہ بینک 1 ماہ میں قرض کی درخواست منظور یا مسترد کے پابند ہیں۔ قرض کی 54ہزار میں سے 22ہزار درخواستیں منظور کی جاچکی ہیں، 196 ارب روپے قرض کی درخواستیں میں 75ارب روپے کی منظوری بھی ہوچکی ہے۔

ای پیپر دی نیشن