حکومت بے وسائل یونیورسٹی طلبہ کے تعلیمی اخراجات برداشت کرے گی: وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب

 فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت احساس سکالر شپ پروگرام کے تحت یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کرنیوالے تمام بے وسائل طلبا و طالبات کے تعلیمی اخراجات ادا کرے گی۔ فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں تعلیمی ترقی کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں۔ وہ ہفتہ کو گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج آف سائنس سمن آباد فیصل آباد میں ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے ملٹی پرپز ہال کے سنگ بنیاد اور 82 طلبا میں 25 ہزار روپے فی کس کے حساب سے رحمت للعالمین سکالر شپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پروزیر مملکت اطلاعات کے بھائی نبیل ارشد، ادارہ کے پرنسپل شفقت علی شاہد، وائس پرنسپل اصغر علی گل، فیکلٹی ممبران، اساتذہ، انتظامی حکام اور طلبا بڑی تعداد میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اس تاریخی کالج کو جلد یونیورسٹی کا درجہ دیدیا جائے جس کیلئے وہ منظوری حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار صوبہ میں عوامی فلاح و بہبود کے بہت کام کررہے ہیں۔ رواں سال دسمبر 2021 کے آخر تک پنجاب کے ہر گھرانے اور تمام آبادی کے پاس صحت انصاف ہیلتھ کارڈ ہوگا جس سے گھرانے کا سربراہ ایک سال میں 10 لاکھ روپے تک اپنا اور اپنے اہل خانہ کا اپنی پسند کے ڈاکٹر اور اپنی پسند کے ہسپتال سے علاج کروا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کیلئے 100 ارب روپے کا فنڈ قائم کیا ہے تاکہ نوجوانوں کو آسان اقساط پر قرضے فراہم کئے جائیں اور وہ اپنا کاروبار شروع کرکے ملازمتوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے دوسروں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے قابل ہوسکیں۔ حکومت نے 10 ارب روپے سے ہائی سکلڈ پروگرام شروع کیا ہے جس سے طلبا و طالبات کو ای کامرس، موبائل ایپ، ویب ڈیزائننگ، ویب گرافک، کمپیوٹر پروگرامنگ سمیت دیگر اقسام کے کورسز کے ذریعے تربیتیں فراہم کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی کے مطابق وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ 20 ارب روپے کا 30 ملین گیلن صاف پانی پراجیکٹ شروع کرنے جارہے ہیں جبکہ 10 ارب روپے کا جائیکا واٹر پلان جاری ہے۔فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک فیصل آباد انڈسٹریل زون میں انڈسٹریز لگانے آرہے ہیں،ہر پارک میں ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائیں گے جبکہ بنیادی مرکز صحت کی تعمیرات پر کام کرنے جارہے ہیں۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ وہ لوگ جو ساری زندگی کرائے کے گھروں میں رہتے تھے اب انہیں گھر بنانے کیلئے قرض دئیے جارہے ہیں، گھر بنانے کے لئے ساڑھے تین سو ارب کے قرضے دئیے جارہے ہیں، کرائے کے برابر قرض کی قسط ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...