راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ؐ کے میلادِ پاک کے تذکروں سے ساری کائنات جگمگا رہی تھی ہے اور جگماتی رہے گی ۔ محفلِ میلادِ مصطفی ؐ وہ محفل ہے جس کا انعقاد سب سے پہلے ربِ رحمان نے خود آسمانوں پر فرمایا ۔حضور نبی کریمؐ کی شانوں سے آمد والے ماہ مبارک میں رنگ و نور کا سماں اور خوشی و فرحت کی کیفیات پوری کائنات میں جاری و ساری ہیں ۔ اِن محافلِ میلادالنبیؐ و محافلِ نعت پاک کا انعقاد کر کے اُمت مسلمہ اپنے کریم آقاؐ کے دربارِ اقدس میں اپنی غلامانہ حاضریاں پیش کرتی ہے ۔اِس موقع پر پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ عید گاہ شریف کا ایک ہی مشن ہے کہ کائنات کے ذرے ذرے کو ذکر ِرسول ِ مقبول ؐ کے نور سے منور کیا جائے اور مخلوق خدا کا تعلق اُس کے روحانی مرکز مدینہ منورہ سے مضبوط سے مضبوط تر کیا جائے ۔ میلادِ مصطفی ؐ کی اِن عظیم محافل کی یہ برکات ہیں کہ دل کو نرم ، سوچ کو پاکیزہ اور روح کو مزین کر دیتی ہیں اور ایسی سوچ رکھنے والا انسان کسی کے لیے بُرا نہیں سوچتا بلکہ اپنے وجود کو مخلوقِ خدا کی فلاح و بہبود کا ذریعہ بنا تا ہے ۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے سکھیکی منڈی کے مقام پر منعقدہ محفلِ میلاد ِ مصطفیؐ سے خطاب کے دوران کیا ،اختتام درودوسلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی ، خوشحالی ، ترقی، افواج پاکستان کی سر بلندی ، اتحاد بین المسلمین اور پوری دنیا سے مہلک کورونا وبا کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا پر ہوا ۔
میلادِ پاک کے تذکروں سے ساری کائنات جگمگاتی رہے گی ،پیر نقیب الرحمن
Oct 25, 2021