صحافی ارشد شریف کینیا میں پولیس فائرنگ سے قتل:ابتدائی رپورٹ:قومی اسمبلی کی مذمتی قرارداد:صدر ،وایر اعظم،سیاسی عسکریقیادت تؑزیت


اسلام آباد، نیبروبی، لاہور (رپورٹنگ ٹیم + نوائے وقت رپورٹ) صحافی و سینیئر اینکر پرسن ارشد شریف کے اہل خانہ نے تصدیق کی ہے کہ ارشد شریف کو کینیا میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ارشد شریف کو کینیا میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔ چند پاکستانی میڈیا ہائوسز نے پہلے اطلاع دی تھی کہ ارشد شریف کو گولی مار کر قتل کیا گیا ہے تاہم بعد میں کہا گیا کہ ان کی موت ایک حادثے میں ہوئی۔ غیر ملکی میڈیا اور نجی ٹی وی کے مطابق کینیا کی پولیس نے کہا کہ پاکستانی صحافی اپنے ڈرائیور کے ساتھ مگادی سے نیروبی کی جانب سفر کر رہے تھے کہ جہاں پولیس راستے میں روڈ بلاک کر کے چیکنگ کر رہی تھی۔ جاری بیان میں ارشد شریف کے پولیس کی فائرنگ سے قتل ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا گیا کہ غلط نشاندہی پر پاکستانی صحافی کا قتل ہوا اور اس حوالے سے مزید معلومات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ پولیس کے مطابق ہمیں اطلاع ارشد شریف جیسی ہی ایک کار میں میں بچے کو یرغمال بنانے کی اطلاع ملی تھی۔ چیکنگ کے دوران پاکستانی صحافی کے ڈرائیور نے کار روکنے کے بجائے قوانین کی خلاف ورزی کی جس پر ان کا پیچھا کیا گیا اور پھر یہ افسوسناک واقعہ رونما ہوا۔ پاکستان میں ارشد شریف طویل عرصے تک نجی چینل اے سے منسلک رہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد شریف کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ صحافی ارشد شریف کی المناک موت کی خبر پر شدید افسردہ ہوں، اللہ تعالیٰ ان کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ دفتر خارجہ نے ارشد شریف کی ناگہانی موت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے پاکستانی ہائی کمشن میت کی جلد وطن واپسی میں سہولت فراہم کرے گا۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے کینیا پولیس حکام، وزارت خارجہ سمیت دیگر محکموں سے رابطہ کیا جب کہ ہائی کمشن کی جانب سے کینیا کے نائب صدر سے بھی رابطہ کیا گیا، ترجمان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد ہائی کمشن مشن کے لوگ موقع پر پہنچے۔ ہائی کمشن مشن نے ارشد شریف کی لاش کی شناخت کی جب کہ قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے ارشد شریف کے اہلخانہ سے ملاقات بھی کی ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے سینئر صحافی ارشد شریف کی کینیا میں ناگہانی وفات پر گہر ے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں آئی ایس پی آر نے کہا کہ اللہ تعالی ارشد شریف کے درجات کوبلند کرے، دکھ کی اس گھڑی میں اللہ تعالی ارشد شریف کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کینیا میں ارشد شریف کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے، ہم غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر شریک ہیں۔ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے گفتگو میں کہا کہ صبح حیران کن خبر سنی، ہم صدمے مبتلا ہیں، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے تعزیتی پیغام میں  کہا ہے کہ ارشد شریف کے بہیمانہ قتل پر صدمہ ہوا۔ سابق وزیر اعظم نے واقعے کی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شواہد کی جانچ کے لیے مناسب عدالتی تحقیقات کا آغاز ہونا چاہیے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ارشد شریف کے کیس میں مصدقہ حقائق تک قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ کینیا کے صدر ولیم روٹو کو ٹیلی فون کیا اور سینئر صحافی ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات پر زور دیا جبکہ کینیا کے صدر نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کرنے اور میت کی واپسی کے عمل کو تیز بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ کو سینئر صحافی ارشد شریف کی میت جلد وطن واپس لانے کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا انتقال پاکستان اور صحافت کا بہت بڑا نقصان ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے  قتل کی مذمت کی اور کہا کہ سخت صدمہ ہوا‘ ارشد شریف کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر شازیہ مری‘ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری‘ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی‘ اسحاق ڈار ‘ شہزاد وسیم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے دعا کی کہ غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔  مونس الٰہی نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا  کی اورکہا اللہ کریم سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ارشد شریف کا بیرون ملک قتل افسوسناک اور قابل مذمت ہے،مولانا عبدالغفور حیدری،  اکرم خان درانی، مولانا محمد امجد خان اور اسلم غوری  نے کہا کہ بڑا صدمہ ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ عدالتی کمشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی گزشتہ روز ارشد شریف کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے مرحوم کی والدہ، اہلیہ، سسراور خاندان کے دیگر افراد سے اظہار افسوس کیا۔  پنجاب بار کونسنل نے مطالبہ کیا کہ قتل کے پس پردہ حقائق کو سامنے لایا جائے گا۔ صحافی ارشد شریف کے قتل پر قانونی پیروی کیلئے اٹارنی جنرل پاکستان کی جانب سے کینیا کی حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سپریم کورٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اٹارنی جنرل پاکستان اشتر اوصاف نے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت سفارتی کے ساتھ ساتھ قانونی محاذ پر صحافی ارشد شریف کے کیس کا جائزہ لے گی اس سلسلے میں باقاعدہ اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے کینیا کی حکومت کو خظ لکھا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد شریف کی والدہ سے ٹیلی فون پر تعزیت کی اور اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ارشد شریف کی والدہ نے وزیراعظم سے مرحوم کی میت جلد پاکستان لانے کی درخواست کی وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ اس سلسلے میں تمام اقدامات ہنگامی انداز میں کئے جا رہے ہیں ۔پاکستان  پیپلز پارٹی کے قائم مقام صدر رانا فاروق سعید خاں نے کہا ہے کہ ہم اپنے صحافی بھائی ارشد شریف کیلئے انصاف چاہتے ہیں ۔سینئر صحافی ارشد شریف کی اہلیہ جویریہ صدیق نے تصدیق کی ہے کہ ان کے مقتول شوہر کی میت کل پاکستان پہنچے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ارشد شریف کی تدفین جمعرات کو ایچ الیون قبرستان میں ہو گی۔ کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے مضافاتی علاقے میں قتل کئے گئے۔ پاکستانی صحافی ارشد محمد شریف کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے۔ سفارتی ذرائع نے نیروبی میں ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کا عمل مکمل ہونے کی تصدیق کی۔

ای پیپر دی نیشن