اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ایران میں منعقد ہونے والے فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلموں کی نمائش کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، ایرانی فلم ساز حکومت پاکستان کی جانب سے فلم انڈسٹری کیلئے دی گئی مراعات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ وزارت اطلاعات کی جانب سے پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے او آئی سی وزرااطلاعات کانفرنس کے 12 ویں اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر ثقافت محمد مہدی اسماعیلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور عوام کی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے پر اتفاق ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے تناظر میں پاکستانی قوم کے ساتھ یکجہتی اور حمایت پر ایران کا شکریہ ادا کیا۔