کراچی (این این آئی)پاکستان ریلوے کی کوٹری پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ریل کی بوگیوں کے سامان سے بھرا ٹرک ضبط کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ ریلوے کراچی ڈویژن شوکت علی کھٹیان کے مطابق ریلوے کوٹری تھانے کے عملے نے کوٹری میں ڈاون یارڈ کراچی نہر ٹھٹھہ روڈ پر خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران بظاہر کچرے سے بھرے ایک ٹرک نمبر کے این 8647 کی تلاشی لی گئی تو کچرے کے نیچے ٹرینوں کا چوری شدہ مٹیریل موجود تھا۔ایس ایس پی شوکت علی کھٹیان کے مطابق ٹرک کو قبضے میں لے کر اس میں سوار 3 ملزمان علی ماہر ولد محمد سید، بلاول ولد بشیر احمد، اسد علی ولد اسماعیل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ٹرک سے ریلوے کی بوگیوں کے اسکرو کپلنگ، ڈور بار، ڈور بار پن، بیرنگ اسپرنگ مکمل، ویکیوم سلنڈرز، ایکسل بکس، بفر پلینجر بمعہ راڈ، بفر ساکٹ، بیرنگ اسپرنگ شیلڈ، فلوٹنگ لیور، ڈوربار شافٹ، پش راڈ، پن، ڈرین پائپ، بیرنگ اسپرنگ، بیرنگ اسپرنگ ہک اور اینگل آئرن برآمد ہوئے ہیں جن کی مالیت لاکھوں روپے بتائی گئی ہے۔شوکت کھٹیان کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔