مسافر بسوں میں آگ بجھانے کے آلات نیصب کرنے کا حکم


کراچی (نیوز رپورٹر)  صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے پبلک ٹرانسپورٹ میں حفاظتی انتظامات کی چیکنگ مہم کا آغاز کرنے کی ہدایت کردی۔ بسوں ، کوسٹرز اور اسکول وین میں آگ بجانے کے آلات نصب کرنے کے لئے ٹرانسپورٹرز کو ایک مہینے کی ڈیڈ لائن دے دی گئی۔  شرجیل انعام میمن نے یہ ہدایات محکمہ ٹرانسپورٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ، موٹر وے پولیس کے تعاون سے سخت چیکنگ مہم کا آغاز کیا جائے۔ مسافروں کی حفاظت ٹرانسپورٹرز کی ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کی غیر ذمہ داری اور ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈرائیورز میں آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے افسوسناک حادثات میں سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں۔ صوبائی وزیر نے ہدایت دی کہ موٹر وہیکل رجسٹریشن قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ،خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے اجازت نامے منسوخ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام گاڑیوں سے سی این جی سیلینڈرز ہٹائے جائیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ اس معاملے کو سنجیدگی سے انجام دے ، غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں پیپلز بس سروس کے مسائل پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز بس سروس سندھ حکومت کا میگا پائلٹ پروجیکٹ ہے۔ ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بس سروس کے مانیٹرنگ سسٹم مو ثر کرے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ تیار کی جائے۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کیپٹن ر الطاف حسین ساریو ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ مشتاق شیخ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بشیر حسین ، آپریشن منیجر آپریشنز این آر ٹی سی عبدالشکور و دیگر نے بھی شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن