کراچی (نیوز رپورٹر ) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر نے وزیراعلی ہاس میں ہونے والی ملاقات میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے دوران زیر آب خیرپور ناتھن شاہ گرڈ اسٹیشن کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ خیرپورناتھن شاہ مکمل طور پر زیرآب آنے سے گرڈ اسٹیشن میں بھی پانی بھر گیا ہے۔ اب متانت سے نالوں کے ذریعے پانی نکلنا شروع ہو گیا ہے لیکن گرڈ کے نشیبی جگہوں سے صرف پمپنگ مشینوں کے ذریعے پانی نکاسی کی جا سکتی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ چونکہ گرڈ سٹیشن کام کرنا بند کر دیا ہے اس لئے پمپنگ سٹیشن اور مشینوں کو بجلی فراہم نہیں کی جا سکی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ مسئلہ حل کرنے کیلئے ہی آئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انہوں نے حیسکو حکام کے ساتھ اجلاس کیا ہے اور انہیں ہدایت کی کہ گرڈ سٹیشن کو پانچ دن کے اندر فعال کر دیا جائے۔ امید ہے گرڈ اسٹیشن رواں ہفتے کے آخر تک کام شروع کر دے گا اور پھر ہم پمپنگ اسٹیشن اور دیگر مشینوں کو بجلی فراہم کریں گے جو پانی نکالنے کیلئے نصب ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ دیہی علاقوں میں سردیوں کا آغاز ہوگیا ہے لہذہ پانی کا کھڑا ہونا نہ صرف علاقے کے لوگوں کیلئے پریشانی کا باعث ہے بلکہ بیماریاں بھی پھیلا رہا ہے اور مزید کہا کہ وہ اس ماہ کے آخر تک سیلاب زدہ علاقوں کو پانی سے صاف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ نے بھی شرکت کی۔ دریں اثناءوزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ارجنٹائن اور سوئٹزرلینڈ کے دو سفیروں نے وزیراعلی ہاس میں الگ الگ ملاقات کی اور سیلاب کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ارجنٹائن: وزیراعلی سندھ اور ارجنٹائن کے سفیر مسٹر لیوپولڈو فرانسسکو سہورس نے سیلاب کی صورتحال کے علاوہ گندم اور دیگر اناج کو ذخیرہ اندوزی کیلئے استعمال ہونے والے پلاسٹک کے تھیلوں کی خریداری پر تبادلہ خیال کیا۔ ارجنٹائن کے پاس اناج کو ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال ہونے والے پلاسٹک بیگز بنانے کی ٹیکنالوجی موجود ہے۔پلاسٹک کے تھیلے کی دواسازی ہوتی ہے اس لیے ان میں ذخیرہ شدہ اناج کو کیڑہ یا پھر نمی متاثر نہیں کرتی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ انکی حکومت ہر سال 1.5 ملین ٹن گندم خرید کرتی ہے اس لیے انکی حکومت ایسے تھیلے خریدنا چاہتی ہے۔ انہوں نے اپنے معاون خصوصی سید قاسم نوید کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے پر وزیر خوراک مکیش چاولہ سے بات کریں اور پھر ارجنٹائن سے بیگ کی خریداری کیلئے رابطہ کیا جائے۔ سوئٹزرلینڈ: وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سوئٹزرلینڈ کے سفیر مسٹر جارج سٹینر سے وزیراعلی ہاس میں ملاقات کی جس میں سندھ میں پانی، زراعت اور توانائی جیسے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلی اور سفیر نے صوبائی محکمہ سرمایہ کاری اور کمرشل اتاشی کے ذریعے مزید ملاقاتیں کرنے پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر بجلی
مراد علی شاہ خرم دستگیر ملاقات:خیرپور ناتھن شاہ گرڈاسٹیشن رواں ہفتے فعال،وفاقی وزریر بجلی
Oct 25, 2022