پاکستان چین مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس‘ سی پیک دوسرا مرحلہ شروع کرنے پر اتفاق

Oct 25, 2022


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے درمیان مشترکہ ورکنگ گروپ (جے ڈبلیو جی) کا تیسرا اجلاس پیر کو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کے طویل مدتی منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے منعقد ہوا.  اجلاس کی مشترکہ صدارت سیکرٹری وزارت برائے منصوبہ بندی سید ظفر علی شاہ اور پین جیانگ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کی۔ چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل بھی ملاقات میں شریکِ تھے۔ جبکہ وزارت خارجہ، ہوا بازی، خزانہ، اقتصادی امور، گوادر پورٹ اتھارٹی، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نمائندوں کے علاوہ چین میں ان کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں سی پیک منصوبوں کے نفاذ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اسکے طویل مدتی منصوبے پر عمل درآمد کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔دونوں فریقین نے مختلف منصوبوں پر ہونے والی مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کئے گئے کام کو مزید گہرا کرنے اور پھر سی پیک کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد شروع کرنے پر اتفاق کیا ۔اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت پاکستان صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی تعاون سے مختلف منصوبوں پر فعال طور پر عمل درآمد کر رہی ہے ۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے پیر کو بین الاقوامی کانفرنس پاکستان واٹر ویک 2022 کا باقاعدہ افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان واٹر ویک کانفرنس کا انعقاد ملک میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجہ میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی کے پس منظر میں منتظمین، لائن ڈپارٹمنٹس، اور اسٹیک ہولڈرز کو ماحولیاتی عوامل کو مد نظر رکھتے ہوئے پالیسیوں کی تشکیل میں مدد دے گا۔ غریب دیہی علاقوں پر موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے کے واضح مواقع موجود ہیں اور آئی ڈبلیو ایم آئی اس تبدیلی کے سفر میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پانی کے آنے ممکنہ بحران اور موجودہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے تناظر میں، یہ بین الاقوامی کانفرنس ایک پائیدار زمین اور پانی کے حل کے لئے ایک قابل عمل، اور جامع رہنمائی فراہم کرے گیپروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں پانی اور خوراک کی حفاظت کے لیے دو میگا اسٹوریج ڈیموں یعنی دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آئی ڈبلیو ایم آئی ڈاکٹر ریچل میکڈونل نے کہا کہ پاکستان میں، ہمارے منصوبوں کا نمایاں اثر ہو رہا ہے۔
سی پیک

مزیدخبریں