اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کے فورم کے ذریعے دنیا بھر میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات کی بنیادی وجوہات کی نشاندہی کرنے اور ان کو اجتماعی طور پر روکنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ او آئی سی امت مسلمہ کی اجتماعی آواز ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار او آئی سی جدہ میں پاکستان کے نامزد سفیر/مستقل نمائندے سید محمد فواد شیر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ او آئی سی دنیا بھر میں مسلم اقلیتوں کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کرے۔ دنیا کو بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات کا نوٹس لینا چاہیے۔ دریں اثناء صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سکول سے باہر بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی وسائل کی ترقی کسی بھی ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی کمشن برائے انسانی ترقی کے چیئرمین کرنل (ر) ڈاکٹر امیر اللہ مروت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صدر علوی
دنیا بھارت میں مسلمانوں، اقلیتوں کے خلاف بڑھتے تشدد کا نوٹس لے: صدر علوی
Oct 25, 2022