لاہور (کامرس رپورٹر ) ایف پی سی سی آئی اور اقوام متحدہ کے ما بین سسٹین ابیل ڈویلپمنٹ اہداف (SDGs) اور پائیدار تعاون کے امکانات کے موضوع پر اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس کے موقع پر ایک بیان میں ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے پائیدار ترقی کے فروغ کیلئے پاکستان میں اقوام متحدہ کے سماجی طور پر ذمہ دارانہ کاروباری ترقی اور طرز عمل کو فروغ دینے کی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے پاکستان کی تمام کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری کی جانب سے اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان کا اعلیٰ ترین تجا رتی ادارہ ہونے کے ناطے ایف پی سی سی آئی SDGs کی بابت معیشت کے تمام شعبوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے جن میں موسمیاتی تبدیلیاں، صنفی مساوات اور سماجی انصاف شامل ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس اعلیٰ سطحی تقریب میں اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کے سنیئر افسران نے شرکت کی جن میں اقوام متحدہ کے ریزڈینٹ کوآرڈینیٹر آفس اقوام متحدہ کی صنعتی ترقی کی تنظیم اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام یو این انٹرنیشنل چلڈرن ایجوکیشن فنڈ ،فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن ، ورلڈ فوڈ پروگرام اور پاکستان، بنگلہ دیش اور امریکہ سے گلوبل کمپیکٹ کے عہدیداران شامل تھے۔ ایف پی سی سی آئی کے سنیئر نائب صدر سلیمان چاولہ نے سیشن کو آگاہ کیا کہ ایف پی سی سی آئی کے پاس معیشت کے مختلف سماجی اور اقتصادی شعبوں پر فعال اور نمائندہ حیثیت رکھنے والی قائمہ کمیٹیاں موجود ہیں اور وہ 2023 سے 2027 کی مدت کیلئے پاکستان کیلئے اقوام متحدہ کے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کوآپریشن فریم ورک کی کافی مدد کر سکتیں ہیں۔