قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر فوقیت دینا ہوگی، ظاہر شاہ 


 اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)قومی احتساب بیورو کے ڈپٹی چیئرمین ظاہر شاہ نے کہا ہے کہ کرپشن سے پاک پاکستان کیلئے ہمیں من حیث القوم خود احتسابی کے عمل سے گزرنا ہوگااور قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر فوقیت دینا ہوگی۔وفاقی سیکرٹری مواصلات وچیئرمین نیشن ہائی اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا نے کہا کہ کرپشن سے پاک معاشرہ کے قیام کیلئے ہر فرد کو اپنی ذات سے احتسابی عمل شروع کرکے اِسے اپنی قومی،دینی،سماجی اور معاشرتی ذمہ داری سمجھ کر اپنا مثالی کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب اور این ایچ اے کے باہمی اشتراک سے این ایچ اے ہیڈ کوارٹرز کے آڈیٹوریم میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔موضوع تھاکرپشن سے پاک پاکستان ہمارا یقین محکم  ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ نے مزید کہا کہ قومی احتساب بیورو کو قائم ہوئے 23 سال بیت چکے ہیں۔اس ادارہ میں کئی تغیر و تبدل آئے مگر اس کی جملہ کارگزاری کو عالمی معیار کے مطابق جانچتے ہوئے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں نے اس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کی پزیرائی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف قوم کے ہر طبقہ میں ایک گہرا شعور بیدارکرنا ضروری ہے،جب تک قوم کے ہر فرد میں کرپشن کے خلاف احساس اور جذبہ اجاگر نہیں ہوگا،ہم اس ناسور سے مکمل نجات نہیں پاسکیں گے۔بدعنوانی کسی بھی قسم ہو معاشرہ کو اس سے پاک کرنے اور معاشرہ کی تطہیر و اصلاح کیلئے شعور کی بیداری بہت ضروری ہے۔وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا نے اپنے اختتامی کلمات میں نیب کے ڈپٹی چیئرمین ظاہر شاہ اور ان کی جملہ ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہم نے کرپشن سے پاک نظام کی داغ بیل ڈالتے ہوئے اربوں روپے کے تعمیراتی منصوبوں میں مکمل شفافیت کیلئے ای بڈنگ کا نظام متعارف کرایاہے۔چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا نے موجودہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے این ایچ اے فیلڈ افسران اور عملہ کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ کرپشن ایک ناسور ہے،جس کے خلاف علم جہاد بلند کرنا قوم کے ہر فرد کی قومی،دینی،سماجی اور معاشرتی ذمہ داری ہے۔اس ذمہ داری کو پوری دیانتداری کے ساتھ نبھانا قوم کے ہر طبقہ پر لازم ہے تاکہ ہم کرپشن سے پاک ریاست کے طورپر اقوام عالم میں سربلند و سرفراز ہوسکیں۔
 ظاہر شاہ 

ای پیپر دی نیشن