لانگ مارچ آسان کام نہیں،پی ٹی آئی پتوں کی طرح بکھر جائیگی، جاوید لطیف



اسلام آباد(خبرنگار)وفاقی وزیرمیاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ لانگ مارچ آسان کام نہیں ہے، پی ٹی آئی پتوں کی طرح بکھر جائے گی، عمران خان کی چوری ثابت ہوگئی ہے اس پر کرپشن کے باقی کیسز بھی سامنے آنے چاہئیں اور اس شخص کو جیل میں ہونا چاہئے ۔پیرکو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل پر تعزیت کا اظہارکیا اورکہا کہ ان کے قتل کی ہر سطح پر تحقیقات کرانے کو تیار ہیں اور مرحوم کے اہلخانہ کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں جسٹس قاضی فائز عیسی قوم کی آواز بنے اور انہوں نے کہا کہ اداروں پر تنقید کی بجائے غلطیاں کرنے والوں پر تنقید ہونی چاہئے ، ہمیں ان کے اس بیان سے حوصلہ ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں دانیال عزیزاور طلال چوہدری صرف ان غلطیوں کا حوالہ دینے پر نا اہل ہوئے جبکہ ایک لاڈلہ جو مسلسل اداروں کی تضحیک کرتا آرہا ہے اس کو مسلسل معافیاں مل رہی ہیں انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو اپیل تک کی سہولت نہیں مل سکی جبکہ 22 سال تک اس لاڈلے کو پروان چڑھایا جاتا رہا مگر انہیں نتیجہ نہ مل سکا۔ انہوں نے کہا کہ 22 سال تک نواز شریف کی جماعت کو توڑنے کی کوشش کی جاتی رہی مگر پھر بھی نہ توڑا جاسکا، نواز شریف نے جو آواز اٹھائی وہی آواز آج اداروں میں بیٹھی شخصیات بلند کررہی ہیں، 22 سال سے بے لگا م شخص اداروں اور شخصیات پر حملہ آور ہوتا رہا ہے ، اس شخص کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ، جسٹس قاضی فائز عیسی نے جو آواز بلند کی ہے پوری قوم اس کے پیچھے کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ اگر انصاف دینے والوں کو انصاف نہ ملے تو ہم جیسوں کا کیا حال ہوگا۔ انہوں نیکہا کہ لانگ مارچ آسان کام نہیں ہے ، اس سے پی ٹی آئی پتوں کی طرح بکھر جائے گی ، اس شخص کے کرتوت ایسے ہیں کہ یہ لانگ مارچ کرتے ہوئے سڑکوں کی بجائے جیل کی سلاخوں کے پیچھے نظر آئے ، ملک کی 75 سالہ تاریخ میں یہ پہلا سویلین ہے جس پر کرپشن اورچوری ثابت ہوچکی ہے انہو ں نے کہا کہ ثاقب نثار اسے صادق اور امین کہتا تھا ، اس کے ان الفاظ سے ہماری دینی جذبات مجروح ہوتے ہیں ، آج اس صادق اور امین پر تھوڑی سی چوری ثابت ہوگئی ہے ، منی لانڈرنگ کا کیس ابھی باقی ہے ، اس پر کرپشن کے اورکیسز بھی سامنے آنے چاہئیں اور اسے جیل میں ہونا چاہئے ۔
جاوید لطیف

ای پیپر دی نیشن