لاہور (سپورٹس رپورٹر)فیم فٹ بال کلب نے پنجاب یونیورسٹی کو ایک کے مقابلے تین گولز سے شکست دے کر ”پیس اینڈ ہارمنی فٹبال کپ“ اپنے نام کرلیا۔ پیس اینڈ ہارمنی فاونڈیشن کے زیر اہتمام فیم فٹبال کلب ماڈل ٹاﺅن کی گراو¿نڈ میں کھیلے گئے فائنل معرکے میں میزبان ٹیم حریف ٹیم پرحاوی رہی۔
ایونٹ کا فائنل کھیلنے والی فیم فٹ بال کلب اور پنجاب یونیورسٹی کے علاوہ ریگل ایف سی، جلوفٹ بال کلب، رئیل لاہور، زیڈ کے ایف سی سمیت لاہور کی ٹاپ ایٹ ٹیموں نے حصہ لیا۔، فیم فٹ بال کلب نے اپنی بہترین حکمت عملی کی بدولت پنجاب یونیورسٹی کو ایک کے مقابلے تین گولز سے شکست دی۔ فائنل معرکے میں ابوالکلام نے دوگول کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں قلیدی کردار ادا کیا جبکہ عثمان غنی نے ایک گول اسکور کرکے فیم کی برتری کو مزید مستحکم کیا۔ پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے میچ کا واحد گول سلمان کے حصہ میں آیا۔فائنل کے موقع پر صدر فیم فٹ بال کلب ضیاءعارف ڈوگر کا کہنا تھا کہ کھلاڑی ہمیشہ سے امن کے سفیر رہے ہیں انہیں خوشی ہے کہ پیس اینڈ ہارمنی فاونڈیشن نے امن اور ہم آہنگی کے لئے اس ایونٹ کا انعقاد کیا۔