سیلاب زدگان کوگرم کپڑوں،کمبلوں کی اشد ضرورت:پیر ابراہیم نقشبندی

Oct 25, 2022


لاہور (خصوصی نامہ نگار) الکہف ٹرسٹ کے چیئرمین پیر حافظ ابراہیم نقشبندی نے کہا ہے کہ سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ۔ سیلاب زدگان کو راشن اورخوراک کے ساتھ ساتھ ان کیلئے چھت کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ لاکھوں بے گھر لوگ آج بھی کھلے میدان میں رفاہی تنظیمو ں،مخیر حضرات اور حکومتی امدادکے منتظر ہیں۔ ان کوفوری امداد، راشن،ادویات، صاف پانی اور موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی گرم کپڑوں،کمبلوں اور لحا ف کی اشدضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز الکہف تعمیر پاکستان پروگرام کے ذمہ دار امجد بھٹی، لاہور کے تاجران اورمخیرحضرات کے ہمراہ تونسہ، بستی دوانی، بستی دادو آنی، بستی حاجن مراد، فاضل پوراور دیگر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے الکہف ٹرسٹ کی طرف سے سیلاب زدہ علاقوں میں الکہف تعمیر پاکستان پروگرام کے تحت 300گھروں اورمساجدومدارس کی تعمیر و مرمت اورصاف پانی کیلئے آر او پلان کے جاری منصوبوں پر کام کا جائزہ بھی لیا۔ا نہوں نے کہا کہ اب تک102گھروں کی تعمیر تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اورجن گھروں کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے۔ ان کے گھروں کی چابیاں متاثرہ لوگوں کو دی جارہی ہیں۔ اور جلد ہی 300 گھروں کی تعمیر بھی مکمل ہوجائے گی۔

مزیدخبریں