کراچی ( نیوز رپورٹر)پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ پر ترکیہ جانے کے خواہشمند افغان شہریوں کے آف لوڈ ہونے پر سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں پاکستانی پاسپورٹس اور شناختی کارڈز پر ترکیہ جانیوالے 2 افغان شہریوں کو کراچی ایئرپورٹ سے آف لوڈ کیا گیا، آف لوڈ کیے جانے والے عبدالصمد اور کریم عجب زئی کا تعلق افغانستان سے ہے جو غیر قانونی طریقے سے چمن بارڈر کراس کرکے کوئٹہ میں رہائش پذیر تھے۔گزفتار ملزمان کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں کہ کیسے اور کس کے ذریعے انہوں پاکستانی شناختی کارڈز اور پاسپورٹس حاصل کیے۔ملزم کریم عجب زئی نے 1992 میں غیر قانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنوایا تھا جس کے بعد وہ اسی پاسپورٹ پر ملازمت کے لیے سعودی عرب چلا گیا تھا جہاں اس کے پاسپورٹ کی کئی بار تجدید ہوئی۔دوسرے ملزم عبدالصمد نے ترکیہ جانے کیلیے ایجنٹ کے ذریعے پاکستانی شناختی کارڈ بنوایا اور یہ شناختی کارڈ اس نے رواں سال 24 مارچ کو حاصل کیا، شناختی کارڈ ملنے کے صرف 19 روز کے اندر ہی ملزم نے اسی ایجنٹ کے ذریعے 13 اپریل 2022 کو پاکستانی پاسپورٹ بھی حاصل کرلیا۔اطلاعات کے مطابق بھاری رقم کی ادائیگی پر ایجنٹ نے ملزم کو ترکیہ میں ملازمت کی یقین دہانی کرائی تھی اور اسی یقین دہانی پر دونوں ملزمان وزٹ ویزے پر ترکیہ جا رہے تھے۔پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں ۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنوا کر دینے والوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائیگی۔
افغان شہری آف لوڈ