اسلام آباد ( میگزین رپورٹ) ممتاز قلم کار و چئرپرسن انٹر نیشنل کشمیر رائٹرز کونسل کرن عزیز کشمیر ی‘ فضاء عزیز کشمیری ‘ نگہت عزیز کشمیری‘ طارق عزیز‘ طاہر عزیز اور انور عزیز کے والد معروف سیاسی وسماجی شخصیت سردار محمد عزیز کشمیری کی پانچویں برسی پانچ نومبر کو آزاد کشمیر اور کراچی میں عقیدت واحتشام سے منائی جائے گی۔ قرآن خوانی اور ذکر اذکار کے بعد مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی کی دعا کی جائے گی ۔سدونی قبیلے سے متعلق سردار محمد عزیز کشمیری قائداعظم محمد علی جناحؒ کے عاشق‘ نوائے وقت کے ارادت مند اور چلتا پھرتا کشمیر تھے 74سالہ سماجی ‘ عوامی اور تدریسی اور تعمیری حیات کا یہ سورج 5 نومبر 2018ء کو غروب ہوا۔ سردار محمد عزیز کشمیری اٹھنے بیٹھتے ،سوتے جاگتے مقبوضہ وادی کی صورت حال پر ضرور گفتگو کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت جس
پریشانی اور خوف کے مارے کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہی ہے اسے ایک نہ ایک دن ان مظالم کا جواب دینا پڑے گا۔ کشمیر کاز اور کشمیریوں کی ترجمانی میں نوائے وقت کا عدیم المثال کردار ان کے لیے روشنی کا مینار تھا جس سے منزل کی طرف بڑھنے والوں کو تسلی اور طمانیت قلب کی دولت میسر آتی۔‘کرن عزیز کشمیری نے بتایا کہ انکے والد مرحوم و مغفورہر پبلک میٹنگ اور سماجی بیٹھک میں نوائے وقت کے روشن کر دار اور نظامی برداران کی لائق تحسین کوششوں اور کاوشوں کا ضرور تذکرہ کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم اور پاکستان سے عشق کرنے والے ہزاروں بلکہ کروڑوں ہیں مگر ان میں جناب حمید نظامیؒ اور جناب مجید نظامیؒ جیسا نڈر اور بے خوف مجاہد کوئی نہیں ۔
کشمیری رہنما سردار عزیز کی پانچویں برسی نومبر کے ابتدائی عشرے میں ہوگی
Oct 25, 2022