فیٹیف گرے لسٹ سے نکلنے پر تاجر برادری میں اعتماد بڑھے گا ، شاہد رشید

Oct 25, 2022


اسلا م آباد (نمائندہ خصوصی)تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے سے تاجر برادری میں اعتماد بڑھے گا ملک کا امیج بہتر ہوگا اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گاجس کا کریڈٹ سول اور ملٹری لیڈر شپ کو جاتا ہے۔پاکستان کی کامیابی میں چین نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے اور یہ کامیابی بھارت کے لئے ایک بڑا دھچکا ہے۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ اب حکومت کو بیمار معیشت کو دوبارہ پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔ اس فیصلے سے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا اعتماد بحال ہوگا، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی برآمدات کو فروغ ملے گا اور پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس پیش رفت سے وسائل کی کمی کے مسائل کو بھی حل کیا جائے گا کیونکہ اب ڈونر ایجنسیاںزیادہ اعتماد سے پاکستان کے ساتھ معاملات طے کریں گی۔ اس سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور مقامی معیشت کی ساکھ اور درجہ بندی کو بہتر بنانے میں بڑی مدد ملے گی۔انھوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے فیصلے سے تمام بین الاقوامی فورمز پر ملک کے سافٹ امیج کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی ۔

مزیدخبریں